طاہر القادری 7 ماہ بعد پاکستان پہنچ گئے

ائیر پورٹ پر شاندار استقبال،کارکنوں کے فلک شگاف نعرے پنجاب حکومت کی ایلیٹ فورس کی 8 گاڑیاں،عوامی تحریک یوتھ فورس کے150 دستوں نے طاہر القادری کو ان کی رہائش گاہ پہنچایا

پیر 29 جون 2015 22:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز 642 کے ذریعے دبئی سے پاکستان پہنچ گئے،کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ حکومت کی جانب سے طاہرالقادری کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی ہے جبکہ انھیں ریلی یا جلوس کی صورت میں گھر جانے سے منع کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری پیر کی صبح سات بجے ایمریٹس کی پرواز ای کے سکس ٹو ٹو کے ذریعے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے۔ ان کا طیارہ بیس منٹ تاخیر سے اترا ، سر پر سیاہ ٹوپی کالی قمیض پر براوٴن دھاری دار کوٹ پہنے ڈاکٹر طاہر القادری ایئر پورٹ سے باہر آئے تو کارکنوں نے فلک شگاف نعرے لگا کر ان کا استقبال کیا اور گلاب کی پتیاں نچھاور کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حق نواز گنڈا پور ان کے دونوں صاحبزادوں کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جن میں بچے ، بوڑھے اور خواتین بھی شامل تھیں۔ سرخ سفید اور سبز پرچم لہراتے سروں اور گلے میں پارٹی پرچم کے رنگوں کی مناسبت سے رومال اور گلے میں اسکارف ڈالے کارکنوں نے بھنگڑے ڈال کر اپنے قائد کو خوش آمدید کہا۔ سخت سیکورٹی حصار میں ڈاکٹر طاہر القادری کالے رنگ کی پراڈو میں سوار ماڈل ٹاوٴن کی طرف روانہ ہوئے تو ان کی گاڑی گرم ہونے کے باعث کچھ دیر رکی رہی تاہم کچھ دیر بعد ان کا قافلہ منزل کی جانب رواں دواں ہو گیا۔

اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔ اگرچہ عوامی تحریک نے پنجاب پولیس سے سکیورٹی لینے سے انکار کردیا تھا تاہم پنجاب حکومت نے ایلیٹ فورس کی 8 گاڑیاں ڈاکٹر طاہر القادری کے قافلے کی سکیورٹی کے لیے فراہم کیں۔ اس کے ساتھ ساتھ عوامی تحریک یوتھ فورس کے150 دستے بھی ڈاکٹر طاہر القادری کی سکیورٹی پر مامور ہیں۔واضح رہے کہ طاہر القادری گزشتہ برس اکتوبر میں علاج کی غرض سے امریکا گئے تھے اور پھر گزشتہ روز لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے پاکستان کے لئے روانہ ہوئے تھے۔