Live Updates

قومی وطن پارٹی جلد صوبائی حکومت میں شامل ہوگی ، شراکت اقتدارکا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ، صوبے کے وسیع تر مفاد کی خاطر پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت صوبے میں سب کو ساتھ لیکر چلے گی ، عمران خان کے وژن کے مطابق نیا خیبرپختونخوا بن رہاہے ، بلدیاتی انتخابات میں ووٹ بینک میں اضافے سے پی ٹی آئی کی عوام میں مقبولیت ثابت ہو گئی ،بلدیاتی انتخابات میں عوام نے ماضی میں کرپشن کرنے والی جماعتوں کو مسترد کردیا وفاقی حکومت بجلی سمیت تمام حقوق کے حوالے سے ٹھوس اقدمات اٹھائے ورنہ احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخو اپرویز خٹک کی اخبار نویسوں سے بات چیت

پیر 29 جون 2015 23:06

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء ) وزیر اعلی خیبرپختونخو اپرویز خٹک نے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی بہت جلد صوبائی حکومت میں شامل ہوگی جس کیلئے شراکت اقتدارکا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے اُنہوں نے کہاکہ صوبے کے وسیع تر مفاد کی خاطر پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت صوبے میں سب کو ساتھ لیکر چلے گی پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق نیا خیبرپختونخوا بن رہاہے عوام نے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کے ووٹ بینک میں اضافے سے پی ٹی آئی کی عوام میں مقبولیت ثابت ہو گئی ہے اپوزیشن پی ٹی آئی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خائف ہوکر بے وقت کی راگنی گا رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ سہ فریقی اتحاد کی کال عوام نے مسترد کردی اور بلدیاتی انتخابات میں بھی عوام نے ماضی میں کرپشن کرنے والی جماعتوں کو مسترد کردیا اُنہوں نے کہا کہ پانچ جولائی کودوبارہ پولنگ الیکشن کمیشن کی نگرانی میں ہورہی ہے صوبائی حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی پی ٹی آئی ری پولنگ میں بھی بہتر نتائج دکھائے گی پرویز خٹک نے کہا کہ وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ کئے ہوئے وعدوں کا پاس نہیں رکھا اب بھی خیبرپختونخوا کو پانچ سو سے سات سومیگاواٹ بجلی کم دی جارہی ہے اورایک سازش کے تحت عوام کو مشتعل کرنے کیلئے پیسکو اور وفاقی حکومت ملکر لوڈ شیڈنگ کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو نوشہرہ میں اخبار نویسوں سے بات چیت کررہے تھے اس موقع پر صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل، صوبائی مشیر برائے ترقی و منصوبہ بندی میاں خلیق الرحمان خٹک اورایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک بھی موجو دتھے پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے کی ترقی کے لیے قومی وطن پارٹی کوایک بار پھر حکومت میں شامل کررہے ہیں اورا س ضمن میں قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور صوبائی چیئرمین سکندر خان شیر پاؤ سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے پی ٹی آئی کی پارٹی قیادت نے بھی اس پر مشاورت مکمل کرلی ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرا ہرمنٹ صوبے کے عوام کی بہتری کے لیے گزرتا ہے اور صوبائی حکومت پی ٹی آئی کے منشور پر من وعن عمل کررہی ہے جس کے نتائج بلدیاتی انتخابات میں صوبائی حکومت پر بھر پور اعتمادکی صورت میں تحریک انصاف کومل گئے ہیں اُنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف صوبے کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر اُبھری ہے اور صوبے کے دو تہائی ووٹرز نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔

دھاندلی کا واویلاکرنے والی اپوزیشن پارٹیاں خود دھاندلی میں ملوث رہی ہیں اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی صوبے کے دو تہائی اضلاع میں اپنی اور اتحادیوں کے ساتھ ملکر ضلعی حکومتیں قائم کرے گی ضلعی اور مقامی حکومتوں کواتنا بااختیار بنادیا گیا ہے کہ عوام اب وزیر وں اور وزیراعلیٰ کے پیچھے نہیں پھریں گے عوام اپنے تمام مسائل خود حل کریں گے اور چالیس ہزار سے زائد منتخب عوامی نمائندوں کا امتحان اب شروع ہوگا اسلئے منتخب کونسلر کرپشن اور کمیشن کے خاتمے اور تھانہ و پٹوار کلچر کی بہتری کیلئے کام کرکے غریب عوام کی عزت نفس بحال کریں اگر ضلعی حکومتوں نے بہتر کارکردگی دکھائی تو نہ صر ف ان کومزید اختیارات دیں گے بلکہ ان کے ترقیاتی فنڈز میں بھی اضافہ کریں گے پرویز خٹک نے رمضان المبارک کے مہینے میں لوڈ شیڈنگ میں اضافے ،آئے روز ٹرانسفارمر جلنے اور عوام کے احتجاج پر کہا کہ بجلی کا محکمہ مرکزکے پاس ہے اورمجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ وفاقی حکومت نے ہم سے جو وعدہ کیا وہ اب تک پورا نہیں کیاانہوں نے کہا کہ نہ تو ہمیں بجلی کا پورا کوٹہ دیا گیا اور نہ بقایاجات دئیے گئے اور روزانہ چار سو سے سات سو میگا واٹ بجلی کم دی جارہی جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔

دوسری طرف واپڈاکاانفراسٹرکچر انتہائی فرسود ہ اور پرانا ہے جو بجلی کا لوڈ برداشت کرنے کے قابل ہی نہیں اوریہی وجہ ہے کہ آئے روز گرڈ اسٹیشن اور ٹرانسفر مر جل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے اور اپنا ملبہ صوبائی حکومت پر نہ ڈالے بجلی چوروں کو پکڑنے کے حوالے سے ہم نے وفاقی حکومت کو بھر پور تعاون کا یقین دلایا اوران کو پولیس اور انتظامیہ فراہم کرنے کی پیش کش کی مگر وفاقی حکومت نے ابھی تک وعدے کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف کوئی لائحہ عمل طے نہیں کیا پرویز خٹک نے کہا کہ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کومزید امتحان نہ ڈالے ورنہ صوبائی حکومت احتجاج میں عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی اُنہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بجلی سمیت تمام حقوق کے حوالے سے ٹھوس اقدمات اٹھائے اور مشترکہ مفادات کونسل میں ان سفارشات کی منظوری دے ورنہ ہم پھر احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات