وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں5.7شدت کے زلزلے کے جھٹکے

منگل 30 جون 2015 11:38

اسلام آباد/کابل /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء ) وفاقی دارالحکومت ،پنجاب ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں5.7شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔منگل کو محکمہ موسمیات کیمطابق صبح 3 بجکر 8 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کا مرکز پشاور سے 300 کلومیٹر دور ہندو کش کے علاقے میں مرکز افغان تاجک بارڈر پر تھا، جبکہ گہرائی 190 کلو میٹر تھی۔

لاہور میں زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ ہوئی، پشاور، کوہاٹ، مردان، گلگت، غذر، چترال، مانسہرہ اور دیگر شمالی علاقوں کے علاوہ آزاد کشمیر میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلے کے باعث کئی علاقوں کے مکین گھروں سے باہر نکل آئے جبکہ کشمیر و بالا کوٹ کے بعض علاقوں اذانیں بھی دی گئیں۔

(جاری ہے)

امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ ساتھ افغانستان میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

جیولوجیکل سروے کے مطابق افغانستان میں زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی۔خیال رہے کہ اپریل اور ستمبر 2013 میں بلوچستان میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں 320 سے زائد افراد کی ہلاکت ہوی تھی جبکہ سینکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے لوگ خوف زدہ ہوکر اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

متعلقہ عنوان :