Live Updates

رمضان المبارک کے پہلے عشرہ کے دوران 80 لاکھ فرزندان توحید نے خانہ کعبہ کی زیارت اور مسجد الحرام میں عبادت کا شرف حاصل کیا،سعودی حکام

منگل 30 جون 2015 11:49

مکہ۔ 30 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) رمضان المبارک کے پہلے عشرہ کے دوران 80 لاکھ فرزندان توحید نے خانہ کعبہ کی زیارت اور مسجد الحرام میں عبادت کا شرف حاصل کیا یہ بات حج اینڈ عمرہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے سربراہ ڈاکٹر صالح صفر نے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعداد گزشتہ سال کی اس مدت کے مقابلہ میں 49 فیصد زیادہ ہے انہوں نے بتایا کہ ان افراد کو مسجد الحرام تک لانے اور لے جانے کے لئے 38 ہزار گاڑیاں استعمال کی گئیں ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ امیر مکہ شہزادہ خالد الفیصل مسجد الحرام کے لئے ٹرانسپورٹ کے نظام کی خود نگرانی کرتے ہیں ۔ دریں اثناء مسجد الحرام میں صفائی و تزئین کے شعبہ کے سربراہ ماہر الظہرانی نے مسجد الحرام میں افطاری کے وقت موجود افراد سے کہا ہے کہ وہ افطاری کے لئے اپنے ساتھ چند کھجوریں ‘ آب زم زم اور کافی لائیں ‘ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ افطاری کے لئے بہت زیادہ کھانے پینے کی اشیاء ساتھ لانے کے نتیجے میں مسجد کی صفائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مسجد الحرام میں صفائی کے لئے 2500 ملازمین تعینات ہیں جو روزانہ 143ٹن کوڑا مسجد سے اٹھاتے ہیں ‘ صفائی کا کام اس وقت کیا جاتا ہے جب لوگ طواف یا پھر صفاء و مروہ کے درمیان سعی میں مصروف ہوتے ہیں انہوں نے بتایا کہ مسجد میں چھوٹے بڑے 17 ہزار قالین موجود ہیں جن میں ضرورت پڑنے پر اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے انہوں نے بتایا کہ ان کا محکمہ اللہ کے مہمانوں کے لئے مسجد الحرام کو صاف ستھرا رکھنے میں ہمہ تن مصروف ہے۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :