ومبلڈن ٹینس میں سرینا، آذرنیکا، شراپووا اور جوکووک ابتدائی آزمائش میں سرخرو

منگل 30 جون 2015 12:15

ومبلڈن ٹینس میں سرینا، آذرنیکا، شراپووا اور جوکووک ابتدائی آزمائش ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ میں ٹاپ سیڈز نووک جوکووک، سرینا ولیمز، روسی ساحرہ ماریا شراپووا اور بیلاروسی اسٹار وکٹوریہ آذرنیکا ابتدائی آزمائشوں میں سرخرو ہوگئے، 9 سیڈ اسپین کی کارلاسواریز نیوارو اور تجربہ کار اطالوی پلیئر فلاویا پنیٹا ابتدائی راوٴنڈ کی مہمان بن گئیں، پاکستانی اسٹار اعصام الحق منگل کو ڈبلز ایونٹ میں سفر کا ا آغاز کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق سیزن کا تیسرا گرینڈ سلم ومبلڈن پیر سے شروع ہوگیا، ابتدائی دن منعقدہ میچز میں ویمنز سنگلز میں ٹاپ سیڈ امریکی اسٹار سرینا ولیمز نے عالمی درجہ بندی میں 113 نمبر کی روسی پلیئر مارگریٹا گیسپریان کیخلاف 6-4 اور6-1 سے کامیابی حاصل کرلی، فورتھ سیڈ ماریا شراپووا نے برطانوی پلیئرجوہاناکونٹا کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-2 اور6-2 سے ہرادیا، شراپووا نے 2004 میں ومبلڈن ٹائٹل اپنے نام کیا ہے لیکن اس کے بعد سے وہ ا?ل انگلینڈ کلب ایونٹ کی ٹرافی دوبارہ نہیں جیت پائی ہیں، بیلاروس سے تعلق رکھنے والی سابق آسٹریلین اوپن فاتح وکٹوریہ آذرنیکا نے پہلے مقابلے میں اسٹونیا کی اینیٹ کونٹاویٹ کو 6-2 اور6-1 سے تختہ مشق بنایا، 7 سیڈ سربین اسٹار اینا ایوانووک نے چینی حریف یفان ڑو کو 6-1 اور6-1 سے زیر کرلیا۔

(جاری ہے)

دن کا پہلا اپ سیٹ 9 سیڈ اسپینش پلیئر کارلا سواریز نیوارو کی شکست کی صورت سامنے آیا، انھیں لٹویا کی غیرمعروف پلیئر جیلینا اوسٹاپینکو نے 6-2 اور6-0 سے ہرادیا، قازقستانی پلیئر زرینہ ڈیاس نے تجربہ کار اطالوی کھلاڑی فلاونا پنیٹا کو 6-3،2-6 اور6-4 سے قابو کرلیا، کرسٹن فلپکنز نے رومانیہ کی الیگزینڈر ڈیلگیرو کو 6-2 اور6-1 سے گھر واپس لوٹادیا، سارا ایرانی نے فرانسسکا شیوانے کو 6-2،5-7 اور6-1 سے زیر کیا۔

دوسری جانب مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپئن نووک جوکووک نے ابتدائی ٹاکرے میں جرمن حریف فلپ کوہل شریبر کو 6-4، 6-4 اور6-4 کے یکساں اسکور سے پچھاڑ دیا، 9 سیڈ مارن کلک نے جاپانی پلیئر ہوریکو موریا پر 6-3،6-2 اور 7-6 (7/4) سے غلبہ پالیا، 17 سیڈ جون اسنر نے دوسرے جاپانی کھلاڑی گو سوئیڈا کو 7-6 (7/5)، 6-4 اور6-4 سے شکست دے دی۔

متعلقہ عنوان :