کوپا امریکہ:چلی نے پیرو کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 30 جون 2015 12:23

کوپا امریکہ:چلی نے پیرو کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی

سان تیاگو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار30جون۔2015ء)کوپا امریکہ فٹبال کے پہلے سیمی فائنل میں میزبان چلی نے پیرو کو 2-1سے مات دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ چلی کے دارلحکومت سا ن تیاگو میں کھیلے گئے فائنل میں دونوں ٹیموں نے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل کامظا ہرہ کیا اور اس دوران کئی ناخوشگوار واقعات بھی پیش آئے۔

(جاری ہے)

میچ کے 21ویں منٹ میں پیرو کے دفاعی کھلاڑی کارلوس زیمبرانو کو چلی کے چارلس ایرنگوئز کو اپنے جوتے سے چوٹ پہنچا نے کی پاداش میں ریفری جوزے آرگوٹے نے ریڈ کارڈ دکھا کر میدان بدر کر دیا۔

میچ کے 42ویں منٹ میں چلی اور انگلش فٹبال کلب آرسنل کے سٹرائیکر ایلکسز سانچیز کی کراس پر ایڈوارڈوورگس نے گیند جال میں پہنچا کر چلی کو 1-0کی برتری دلوائی،میچ کے 60ویں منٹ میں چلی کے میڈیل نے اپنے ہی گول میں گیند ڈال کر پیرو کو میچ میں واپسی کا موقع فراہم کیا تاہم محض 4منٹ بعد ایڈوارڈوورگس نے دوسرا گول ڈال کر چلی کو 2-1سے برتری دلوادی جو میچ کے آخر تک برقرار رہی۔ کوپا امریکہ کا دوسرا سیمی فائنل ارجنٹائن اور پیراگوئے کے مابین بدھ کو کھیلا جائے گا۔