یونانی عوام کا واضح جواب ہی موافق حل میں مدد دے سکے گا ‘ یونانی وزیر اعظم

منگل 30 جون 2015 13:12

ایتھنز (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء)یونان کے وزیر اعظم ایلکسس تسیپراس نے یونانی عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ریفرینڈم میں ملک کے عالمی قرض خواہوں کی جانب سے مزید کفایت شعاری کی تجاویز کو مسترد کر دیں یونانی ٹی وی پر ایک انٹرویو میں ایلکسس تسیپراس نے کہا کہ ریفرینڈم میں عوام کی جانب سے ’نفی‘ کا ووٹ ان کی حکومت کو قرض کے معاملے پر بات چیت کے دوبارہ آغاز کے لیے بہتر پوزیشن دے سکتا ہے۔

(جاری ہے)

یونان کے وزیر اعظم نے کہاکہ یونانی عوام کا ایک واضح جواب ہی ملک کے بیرونی قرضوں کے بحران کے ایک موافق حل کے سلسلے میں ان کی مدد کر سکتا ہے تاہم انھوں نے واضح کیا کہ ووٹرز نے ان کے منصوبوں کو رد کر دیا تو وہ مزید کٹوتیوں سے قبل ہی مستعفی ہو جائیں گے۔ایلکسس تسیپراس نے کہا کہ اگر یونانی عوام کفایت شعاری کے منصوبے جاری رکھنا چاہتے ہیں تو ایسی صورت میں ہم سر اٹھانے کے قابل نہیں رہیں گے مگر ان کی خواہش کا احترام کریں گے تاہم وہ ہم نہیں ہو گے جو یہ اقدامات اٹھائیں گے۔

یونانی وزیر اعظم نے کہاکہ یونان کے قرض خواہ یہ نہیں چاہتے کہ وہ دیوالیہ ہو یا یورو سے نکال دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ وہ ہمیں یورو زون سے باہر نہیں نکالیں گے کیونکہ ایسا کرنے کی انھیں بہت بڑی قیمت ادا کرنا پڑے گی-