انڈونیشیا ‘ مال بردار فوجی طیارہ شمالی سماٹرا میں شہری علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا

منگل 30 جون 2015 13:12

جکارتہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء)انڈونیشیا میں فوجی حکام نے کہا ہے کہ ایک مال بردار فوجی طیارہ شمالی سماٹرا میں شہری علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔حکام کے مطابق یہ حادثہ مدان نامی شہر میں پیش آیا جہاں چار انجن والا ہرکیولیس طیارہ آباد علاقے میں مکانات پر گر گیا۔

(جاری ہے)

فوج کے ایک ترجمان فواد باسیا نے کہا کہ طیارہ دوپہر بارہ بج کر آٹھ منٹ پر فضائیہ کے اڈے سے اڑا تھا اور دو منٹ بعد ہی پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر شہر میں گر کر تباہ ہوگیا۔

انھوں نے بتایا کہ فی الحال یہ معلوم نہیں کہ طیارے پر کتنے افراد سوار تھے اور آیا اس کے گرنے سے زمین پر بھی کوئی ہلاک ہوا ہے یا نہیں۔انڈونیشیا میں ماضی میں بھی فوجی مال بردار طیاروں کے گرنے کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔2009 میں جکارتہ سے مشرقی جاوا جانے والے سی 130 ہرکیولیس طیارے کے حادثے میں 97 افراد ہلاک ہوئے تھے۔