ومبلڈن چیمپئن شپ ، جاکووچ ،سرینا اور ماریہ شراپووا نے افتتاحی میچزجیت لئے

منگل 30 جون 2015 13:25

ومبلڈن چیمپئن شپ ، جاکووچ ،سرینا اور ماریہ شراپووا نے افتتاحی میچزجیت ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء)لندن میں ٹینس سیزن کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن کا آغاز ہو گیا، پہلے روز اہم مقابلوں میں مینز اور ویمنز ورلڈ نمبر ون نوواک جاکووچ اور سرینا ولیمز نے اپنے میچز جیت لیے،روسی گولڈن گرل ماریا شراپوا نے بھی اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کر لی،گراس کورٹ گرینڈ سلام ومبلڈن چیمپئن شپ میں سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ایونٹ کے پہلے روز مردوں میں نوواک جاکووچ نے فتح اپنے نام کی ،ٹاپ سیڈ سربین سٹار نے جرمنی کے فلپ کولشریبر کو چھے چار، چھے چار اور چھے چار سے شکست دی۔خواتین میں ورلڈ نمبر ون اور ٹورنامنٹ کی ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز نے روس کی مارگریٹا گیسپیریان کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔امریکی کھلاڑی کی فتح کا سکور چھے چار اور چھے ایک رہا۔روسی ساحرہ ماریہ شراپووا نے بھی اپنا میچ جیت لیا۔مردوں میں نوواک جاکووچ اور خواتین میں جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹوا میگا ایونٹ کے دفاعی چیمپئن ہیں۔ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم دو کروڑ سڑسٹھ لاکھ پچاس ہزار پاوٴنڈ رکھی گئی ہے، سنگلز ٹائٹل جیتنے والے پلیئر کو اٹھارہ لاکھ اسی ہزار پاوٴنڈ دیئے جائیں گے۔