‘ حکومت کی بہترین کاروبار دوست معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے‘ ناصر سعید‘

منگل 30 جون 2015 15:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے مشیر اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو کمیٹی رکن ناصر سعید نے کہا ہے کہ حکومت کی بہترین کاروبار دوست بہترین معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے، پاک چین اکنامک کاریڈور ملک کا معاشی مستقبل ہے ، اس کے خلاف باتیں کرنے والے ملک کے دشمن ہیں۔

تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر سعید نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک جیسے بین الاقوامی ادارے بھی یہ تسلیم کررہے ہیں کہ معیشت دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑی ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اکنامک کاریڈور معیشت کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگاجبکہ افرادی قوت کے لیے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک چین اکنامک کاریڈور کے خلاف باتیں کرنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں۔ ناصر سعید نے کہا کہ مارک اپ تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے جو نواز شریف حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کا ایک اور منہ بولتا ثبوت ہے، مارک اپ کی شرح کم ہونے سے صنعتی شعبے کو سستا سرمایہ میسر آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ توانائی کا بحران موجودہ حکومت کو ورثے میں ملا لیکن اس کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، دوست ملک چین کے تعاون سے بہت سے پراجیکٹس پر کام جاری ہے اور مستقبل قریب میں توانائی کے بحران کا بھی خاتمہ ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا معیار زندگی بہتر بنانا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ ناصر سعید نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے متعدد ایسے پراجیکٹس شروع کیے ہیں جن سے نہ صرف معیشت بہتر ہوگی بلکہ روزگار کے لاکھوں نئے مواقع بھی پیدا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ انتشار پھیلانے والی سیاسی جماعتیں ترقی و خوشحالی کی مخالفت ہیں لیکن وہ کسی بھی صورت اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :