صنعا میں کار بم دھماکے میں متعدد افراد کی ہلاکت کا خدشہ

منگل 30 جون 2015 15:39

صنعا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء)یمن کے دارالحکومت صنعا میں ایک کار بم دھماکے میں متعدد افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے جبکہ دولت اسلامیہ کی جانب سے ایک آن لائن بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کی جماعت کی صنعا شاخ نے یمنی دارالحکومت میں کار بم حملہ کیا ہے جس میں متعدد افراد مارے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک فوجی ہسپتال کے پاس ہونے والے اس حملے کے ہدف کے بارے میں متضاد خبریں آ رہی ہیں کہا جاتا ہے کہ اس کا ہدف کئی حوثی باغیوں کے گھر تھے اطلاعات کے مطابق اس دھماکے میں 30 کے قریب لوگ زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کئی کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ۔

سعودی عرب کی قیادت میں حوثی باغیوں کے خلاف مارچ سے شروع ہونے والے فضائی حملوں سے یمنی شہریوں پر تباہ کن اثرات مرتب ہوئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا نے حوثی باغیوں کے قریبی ذرائع کے حوالے سے کہا کہ اس حملے کا ہدف حوثی رہنماوٴں کے گھر تھے۔برطانوی میڈیا نے ایک طبی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ دھماکے میں 28 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 12 خواتین شامل ہیں اور یہ دھماکہ اس عمارت میں ہوا جہاں گذشتہ حملے کے شکار افراد کا غم منایا جا رہا تھا۔