انڈونیشیا میں فوجی طیارہ گرکر تباہ ،38افراد ہلاک،متعدد زخمی ،حادثے کی تحقیقات شروع

منگل 30 جون 2015 16:12

جکارتہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) انڈونیشیا میں فوجی طیارہ رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 38 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے،حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئیں۔عالمی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ فوج کے زیر استعمال سی 130 ہرکیولیس طیارے نے شمالی سماٹرا کے شہرمدان کے فوجی اڈے سے اڑان بھری تھی جس میں 12 افراد سوارتھے۔

(جاری ہے)

طیارہ پرواز بھرنے کے فوری بعد ہی شہر کے گنجان آباد علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے سے 2 رہائشی عمارتوں اوردیگر املاک کو آگ لگ گئی۔ ریسکیو عملے نے اب تک 38افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے جب کہ طیارے کے ملبے اورعمارتوں میں موجود دیگر زخمیوں کو نکالنے کا کام جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔واضح رہے کہ 2009 میں بھی انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ سے مشرقی جاوا جانے والے سی 130 ہرکولیس طیارے کے حادثے میں 97 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ 3.4 ملین کی آبادی والا میدان انڈونیشیا کا تیسرا بڑا شہر ہے۔

متعلقہ عنوان :