محکمہ زراعت کی گوارے کو غیر پھلی دار چارہ جات جوار ، باجرہ ، مکئی کے ساتھ ملا کر کاشت کرنے کی ہدایت

منگل 30 جون 2015 16:22

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) محکمہ زراعت نے گوارے کو غیر پھلی دار چارہ جات جوار ، باجرہ ، مکئی کے ساتھ ملا کر کاشت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ کاشتکار مذکورہ فصلات کو بیک وقت کاشت کرکے بہترین نتائج حاصل کرسکتے ہیں ۔ محکمہ زراعت کے ترجمان کے مطابق دنیا بھر میں پیدا ہونے والے گوارے کی فصل کا 95 فیصدحصہ بر صغیر پاک و ہند سے حاصل ہوتاہے ۔

انہوں نے کہا کہ گوارے کو غیر پھلی دار چارہ جات کے ساتھ کاشت کرنے کا تجربہ انتہائی کامیاب ثابت ہواہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گوارے کی فصل ایک سیزن کے دوران فضاء سے تقریباً 300پاؤنڈ نائٹروجن کا زمین میں اضافہ کرتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ گوارے کے بیج میں ایک خاص قسم کا گوند پایاجاتاہے جو پوری دنیا کے ٹیکسٹائل ، بیکرز ،گن پاؤڈر ، پیپرز ، کاسمیٹکس ، تمباکو ، بارود ، مرغیوں ، مچھلیوں ، مویشیوں کی خوراک و ادویات کی تیاری میں استعمال ہوتاہے ۔انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ بھی مختلف صنعتوں میں گوارے کا استعمال انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔