سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو سے پچاس میگا سکینڈلز کی تفصیلات طلب کر لیں

ملک میں بدعنوانی کا واویلا ہے نیب خاموش ہے ‘ جسٹس جوادایس خواجہ

منگل 30 جون 2015 16:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے قومی احتساب بیورو سے پچاس میگا سکینڈلز کی تفصیلات طلب کر لیں جبکہ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہاہے کہ ملک میں بدعنوانی کا واویلا ہے نیب خاموش ہے۔ منگل کو احتساب بیورو میں بد انتظامیوں اور بے ضابطگیوں سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔

جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیئے کہ قوم بدعنوانی کا چرچہ کر کے تھک گئی ہے ‘ کراچی میں بدعنوانی کا واویلا ہو رہا ہے اور نیب خاموش ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ کیا نیب کو کراچی میں چائینہ کٹنگ کی کوئی شکایت نہیں ملی ۔ نیب میں 75 فیصد شکایات پلی بارگین کے نتیجے میں ختم ہو جاتی ہیں نیب کی جانب سے ملزمان چھوڑنے کی شرح سب سے زیادہ ہے ، عدالت عظمیٰ نے نیب سے اسلام آباد ، کراچی اور لاہور میں بدعنوانی کے پچاس میگا سکینڈلز کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ مالیاتی بدعنوانی، قبضہ مافیا، اختیارات سے تجاوز کی کیٹیگریز میں میگا سکینڈلز کی تفصیلات چیئرمین نیب کے دستخطوں سے جمع کرائی جائیں۔ کیس کی مزید سماعت سات جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔

متعلقہ عنوان :