آڈیٹر جنرل پاکستان نے پی ایچ ایف کو پانچ سالوں میں دئیے جانے والے ایک ارب کے فنڈز کا آڈٹ مکمل کر لیا

منگل 30 جون 2015 16:29

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) آڈیٹر جنرل پاکستان نے حکومت کی طرف سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو گزشتہ پانچ سالوں میں دئیے جانے والے ایک ارب روپے کے فنڈز کا آڈٹ مکمل کر لیا ، ابتدائی رپورٹ کے مطابق آڈٹ کے دوران 20کروڑ روپے کا کوئی ریکارڈ نہیں مل سکا جبکہ پی ایچ ایف کے عہدیداروں کے غیرضروری دوروں پر ہونے والے اخراجات کے حوالے سے بھی اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ حکومت کی طرف سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو گزشتہ پانچ سالوں میں فراہم کئے جانے والے ایک ارب روپے کے فنڈز کا آڈٹ مسلسل التواء کا شکار چلا آرہا تھا تاہم وفاقی حکومت کی ہدایت پر آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی ٹیم نے اس پر کام شروع کیا اور گزشتہ دو ہفتوں کے دوران نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں پی ایچ ایف کو فراہم کئے جانے والے فنڈز کا آڈٹ کیا گیا ۔

مرتب کی گئی ابتدائی رپورٹ کے مطابق آڈٹ کے دوران 20کروڑ روپے کا کوئی ریکارڈ نہیں مل سکاجبکہ پی ایچ ایف کے عہدیداروں کے بیرون ملک دوروں پر اٹھنے والے اخراجات پر بھی اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ آڈٹ ٹیم دستاویزات کے تین بیگزاپنے ساتھ لے کر گئی ہے اور پی ایچ ایف عہدیداروں کے بیرون ملک واپسی پر ان سے اعتراضات کے بارے میں جواب طلبی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :