حکومت ملکی ترقی کیلئے شعبہ زراعت کو خصوصی مراعات فراہم کرے ، پاکستان کسان ویلفیئرکونسل کا مطالبہ

منگل 30 جون 2015 16:55

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء ) : پاکستان کسان ویلفیئرکونسل کے چیئرمین چوہدری عبداللطیف سہو نے کہاہے کہ آئے روز پٹرولیم مصنوعات ، بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ ، نئے نئے ٹیکسز اور زرعی مداخل کے باعث زرعی ادویات ، کھاد ، مشینری وغیرہ کی قیمتیں عام کاشتکار کی قوت استطاعت سے باہر ہو گئی ہیں لہٰذا حکومت ملکی ترقی کیلئے شعبہ زراعت کو خصوصی مراعات فراہم کرے اور اس جانب ہنگامی بنیادوں پر توجہ مرکوز کی جائے ۔

(جاری ہے)

میڈیاسے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے لیکن اس شعبے کو مسلسل ٹیکسوں اور بلا جواز مداخل سے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جا رہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ چونکہ زرعی شعبہ تمام شعبہ ہائے زندگی کو خصوصی طور پر خام مال فراہم کرتاہے اس لئے ملکی ترقی کیلئے اس پر توجہ مرکوز کی جانا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ زمینی حقائق کے برعکس حکومت نے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی و گیس کو اپنی کمائی کا سب سے اہم ترین ذریعہ بنا رکھا ہے جس سے زندگی کے تمام شعبے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر ایگریکلچر سیکٹر کو فوری ریلیف نہ دیا گیا تو ملک کو زراعت کے شعبہ میں خود کفیل بنانے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا۔

متعلقہ عنوان :