ملک کو بحرانوں سے نجات دلانے کیلئے نظام کو تبدیل کرنا وقت کی ضرورت ہے ،پاکستان جمہوری اتحاد کے صدرمحمد جمیل ملک

منگل 30 جون 2015 16:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک نے کہا ہے کہ اقتدار کے ایوانوں پر قابض لوگ ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں، محض چہرے تبدیل کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ،ملک کو بحرانوں سے نجات دلانے کیلئے نظام کو تبدیل کرنا وقت کی اشد ترین ضرورت ہے ، طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں ، عدل وانصاف پر مبنی معاشرے اور جمہوری انقلاب کیلئے عوام کو ہی ہمت دکھانا ہوگی ،آج یہاں پی جے آئی کے صوبائی سیکرٹری جنرل سابق ڈپٹی کمشنر رانا محمد ارشاد علی کی قیادت میں پنجاب کے عہدیداران سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا موجودہ گلے سڑے اور فرسودہ نظام نے عام آدمی کومحرومیو ں کے سوا کچھ نہیں دیا،انتخابی طریقہ کار مکمل طور پر جانبدارانہ اورغیر منصفانہ ہے جس سے جاگیردار، سرمایہ دار اور کرپٹ عناصر پیسہ خرچ کر اسمبلی کے رکن بن جاتے ہیں، الیکشن کمیشن حکومت وقت کا ساتھ دیتا ہے اور حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں سے لیکر ووٹو ں کی گنتی تک عوام کے حق رائے دہی پر ڈاکہ زنی کی جاتی ہے ،قومی دولت لوٹنے والے آج باقار لوگ بنے بیٹھے ہیں،کوٹھیاں ، لگژری گاڑیاں اوربنگلے ان لٹیروں کے آگے پیچھے گھومتی ہیں،ہمارے ایم پی اے کے پاس جو لگژری گاڑی ہے وہ بھارت میں کسی وفاقی وزیر کے پاس بھی نہیں،عوام کیلئے قانون سازی کرنیوالی اسمبلیوں کو لوٹ مار کا ذریعہ بنا لیا گیا ہے، دیانتدار، صالح اور اچھے کردار کے لوگوں کو اسمبلیوں تک پہنچانے کیلئے عوام کو حقیقی انقلاب کیلئے تیاری کرنا ہوگی بصورت دیگر ناانصافی اور ظلم انکا مقدر رہے گا۔

متعلقہ عنوان :