`سینٹ قائمہ کمیٹی داخلہ میں اسلام آباد لوکل گورنمنٹ الیکشن بل 2015میں ترامیم کی منظوری

اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کی سفارش حکومت کو بل کی منظوری سے قبل الیکشن کا انعقاد نہ کرانے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت`

منگل 30 جون 2015 17:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کو جماعتی بنیادوں پر کرانے کی سفارش کر دی ہے ،کمیٹی نے حکومت کو بلدیاتی انتخابات کے بل کی منظوری سے قبل اسلام آباد میں الیکشن کا انعقاد نہ کرانے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی ہے ،کمیٹی نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ الیکشن بل 2015میں ترامیم کی منظوری دیدی ہے قائمہ کمیٹی کااجلاس چیرمین سینیٹر رحمن ملک کی سربراہی میں پارلیمینٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جلاس میں سینیٹر سعید غنی نے خصوصی طور پر شرکت کی اجلاس میں قومی اسمبلی سے منظور شدہ اسلام آباد لوکل گورنمنٹ بل پر تفصیلی بحث ہوئی اور بل میں متعدد ترامیم کی منظوری دے دی گئی اس موقع پر چیرمین کمیٹی سینیٹر رحمن ملک نے کہاکہ کمیٹی نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا ہے کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد جماعتی بنیادوں پر کیا جائے انہوں نے کہاکہ لاہور ہائی کورٹ نے صوبوں میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کے احکامات جاری کئے ہیں چونکہ اسلام آباد چاروں صوبوں کی وفاق کی علامت ہے لہذا یہاں پر جمہوری نظام کو فروغ دیا جائے گا تاکہ یہ علاقہ پورے پاکستان کیلئے رول ماڈل کے طور پر پیش کیا جا سکے انہوں نے کہاکہ اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ غیر جماعتی بنیادوں پر انتخابات کیلئے قومی اسمبلی نے پاس کیا تھا لہذا بہتر یہ ہوگا کہ یہ بل دوبارہ قومی اسمبلی کو واپس بھیجا جائے اور اس پر نظر ثانی کرکے جماعتی بنیادوں پر انتخابات کرانے کے سلسلے میں مناسب ترامیم کی جائیں انہوں نے کہاکہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی اسمبلی سے منظوری کے بغیر ڈرافت بل پر الیکشن کا انعقاد غیر آئینی اقدام تصور ہوگا لہذا ضروری یہ ہے کہ پہلے پارلیمنٹ سے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ بل منظور کرایا جائے اس کے بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کرایا جائے اور اس سلسلے میں ایک ہفتہ قبل وزارت داخلہ کو ایک خط بھی لکھا گیا تھا جس میں الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا مشور ہ دیا گیا تھاکمیٹی نے حکومت کو بلدیاتی انتخابات کا انعقاد لوکل گورنمنٹ بل کی منظوری سے مشروط کرنے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی سفارش کی ۔

`