`ڈینگی کیخلاف شعور اجاگر کرنے کیلئے جنرل ہسپتال میں طب سے وابستہ افراد کی آگہی واک

ایم ایس اور نرسنگ طالبات اور واک کے شرکاء نے فیروز پور روڈ پر شہریوں میں پمفلٹس تقسیم کیے`

منگل 30 جون 2015 17:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر سعید صحبن نے کہا ہے کہ ڈینگی کا خاتمہ بھرپور عوامی شرکت سے ہی ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف موثر ہتھیار عوامی شعور کو اجاگر کرنا ہے تاکہ لوگ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھر اور ماحول کو صاف ستھرا اور خشک رکھیں تاہم ڈینگی کی افزائش کو بھرپور طریقے سے روکا جاسکے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہارمنگل کو لاہور جنرل ہسپتال سے فروز پور روڈ تک ڈینگی کے بارے آگاہی واک کی قیادت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آگاہی واک میں انتظامی ڈاکٹرز، پرنسپل نرسنگ سکول رئیسہ اشتیاق، ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ فرحت محبوب، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رضیہ بانو، نرسنگ طالبات کے علاوہ پیرا میڈیکل سٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایم ایس نے کہا کہ حکومتی اقدامات اپنی جگہ تاہم ڈینگی کے خاتمے کے لیے بھرپور عوامی شرکت انتہائی ناگزیر ہے کیونکہ جب تک لوگ اپنے گھروں کے اندر صفائی کا خیال نہیں کریں گے اور ڈینگی کی افزائش کے ہاٹ سپاٹ ختم نہیں کریں گے،ڈینگی کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں ہوگا۔اس موقع پر پرنسپل نرسنگ سکول اور ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے احتیاطی تدابیر کے علاوہ کوئی چارہ کار نہیں اور حکومت کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو آگے آنا چاہیے تاکہ شہریوں میں بیماریوں سے بچاوٴ کے لیے شعور اجاگر کیاجاسکے۔فیروز پور روڈ پر آگاہی واک کے اختتام پر ایم ایس، انتظامی ڈاکٹروں اور نرسنگ و پیرا میڈیکل سٹاف و دیگر شرکا ء نے شہریوں میں ڈینگی آگاہی بارے پمفلٹس بھی تقسیم کئے۔