جاپان، ایک شخص کی بلٹ ٹرین میں خود سوزی کی کوشش میں آ گ بھڑک اٹھی ،2افراد ہلاک ، متعدد زخمی ہوگئے

منگل 30 جون 2015 18:04

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) جاپان میں ایک شخص کی جانب سے بلٹ ٹرین پر خودسوزی کی کوشش کے نتیجے میں بھڑکنے والی آگ سے دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں،حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کم از کم آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے ۔جاپانی محکمہ ریل کے ترجمان نے بتایا ہے کہ خودسوزی کا واقعہ منگل کو شنکانسن نامی بلٹ ٹرین پر پیش آیا جب پہلی ہی بوگی کے ایک مسافر نے خود پر تیل چھڑک کر آگ لگا لی۔

حکام نے اس کی وجوہات نہیں بتائیں جبکہ وہ اس معاملے کو خودکشی کے زمرے میں دیکھ رہے ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 11 بجے اوداوارا نامی شہر کے قریب رونما ہوا۔ان کے مطابق مذکورہ ٹرین ٹوکیو سے اوساکا جا رہی تھی اسے فوری طور پر روکنا پڑا۔

(جاری ہے)

مسافروں کو فوری طبی امداد پہنچائی گئی سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق خودسوزی کرنے والا شخص ہلاک ہو گیا ہے جبکہ ایک خاتون مسافر کی لاش بھی اسی بوگی سے ملی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کم از کم چھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔اوداوارا میں آگ بجھانے کے محکمے کا کہنا ہے کہ مسافروں میں سے دو کو یہ واقعہ دیکھ کر دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انھیں طبی امداد دی گئی۔یہ واقعہ جاپانیوں کے لیے شدید صدمے کا باعث ہو سکتا ہے۔ یہ انتہائی محفوظ ملک ہے اور جاپان کی بلٹ ٹرین دنیا کی محفوظ ترین ٹرینوں میں شمار ہوتی ہیں۔جاپان انتہائی محفوظ ممالک میں شامل ہے۔50 سال کی اپنی خدمات کے دوران ابھی تک اس میں کسی ہلاکت کا کوئی داغ نہیں ہے۔جاپان میں بلٹ ٹرینیں 320 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرتی ہیں اور ان کا حفاظتی ریکارڈ بہت اچھا ہے۔ `

متعلقہ عنوان :