وزیراعظم نواز شریف نے ماہ جولائی کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے سے متعلق اوگرا کی سمری مسترد کر دی

پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی ، فیصلے سے حکومت کو اڑھائی ارب روپے کا بوجھ برداشت کرنا پڑیگا، وزیراعظم کشمیر ہائی وے کی تعمیر میں گھپلے ہوئے ،تحقیقات ہونی چاہئیں، اسلام آباد کی سڑکوں کی مرمت کیلئے سی ڈی اے کو 5 ارب روپے دے دیئے ہیں،اسلام آباد ایکسپریس وے کے سگنل فری منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 30 جون 2015 18:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء ) وزیراعظم نواز شریف نے ماہ جولائی کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے سے متعلق اوگرا کی سمری مسترد کر تے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی ۔ اس فیصلے سے حکومت کو اڑھائی ارب روپے کا بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔ منگل کو اسلام آباد ایکسپریس وے کے سگنل فری منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 4روپے 26 پیسے اضافے کی سمری بھجوائی ہے کیونکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن میں نے فیصلہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائی جائیں گے اور پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی اس سے حکومت پاکستان کو اڑھائی ارب روپے اپنی جیب سے دینے پڑیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہائی اوکٹین پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 30 پیسے اضافہ تجویز کیا گیا تھا یہ اضافہ بھی نہیں کیا گیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری منصوبہ معیار میں موٹروے سے کم نہیں ہو گا یہ منصوبہ بہت پہلے شروع ہو جانا چاہئے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیرہائی وے میں ہونیوالے گپلوں کی تحقیقات ہونی چاہئیں اور قوم کا قیمتی سرمایہ ضائع کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مستقبل میں روات کو موٹروے سے لنک کرنا چاہتے ہیں تعمیراتی منصوبوں میں ماضی کی غلطیوں کا ازالہ ہونا چاہئے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد کی سڑکوں کی مرمت کیلئے سی ڈی اے کو 5 ارب روپے دے دیئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قلت کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے ایل این جی سے 3600 میگا واٹ بجلی پیدا کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری بھجوائی ہے مگر میں وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کو بتانا چاہتا ہوں کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہو گا اور موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گے اس فیصلے سے حکومت کو اڑھائی ارب روپے اپنی جیب سے دینے پڑے گے ۔