پلاننگ کمیشن نے ملک میں تعمیراتی شعبے میں اصلاحات کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دیدی

منگل 30 جون 2015 18:46

اسلام آباد ۔ 30 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) پلاننگ کمیشن نے ملک میں تعمیراتی شعبے میں اصلاحات کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دیدی۔ ٹاسک فورس نجی شعبے میں تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافے کے لئے اس شعبے کو معاونت کرے گی۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے باعث ملک بھر میں تعمیراتی شعبے میں سرگرمیوں میں اضافے کے پیش نظر یہ ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاحات پروفیسر احسن اقبال ٹاسک فورس کی سربراہی کریں گے جو تعمیراتی شعبے کی بحالی کے لئے مختلف اقدامات بروئے کار لائے گی۔سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی و ترقی نئی تشکیل کردہ ٹاسک فورس کے ڈپٹی چئیرمین ہو ں گے۔ممبر انفراسٹرکچر ملک احمد خان ٹاسک فورس کے امور کی نگرانی کریں گے۔

(جاری ہے)

ٹاسک فورس کے ذریعے تعمیراتی شعبے کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے جس کے باعث اس شعبے میں خاطر خواہ کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

موجودہ حکومت کے وژن 2025ء میں ملک کی اقتصادی ترقی پر زور دیا گیا ہے اور تعمیراتی شعبہ اس سلسلے میں ایک کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ملک احمد خان نے ٹاسک فورس کی تشکیل کوایک انتہائی اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی شعبے میں ترقی سے 60 صنعتوں کو فائدہ پہنچاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے ذریعے انفراسٹرکچر کے شعبے میں ترقی لانا چاہتے ہیں ۔اس کے ساتھ ساتھ اس شعبے میں نجی سرمایے کے لئے ریگولیٹری اقدامات کے لئے بھی کوشاں ہیں۔ٹاسک فورس حکومتی شعبے کے علاوہ نجی شعبے کے ماہرین پر بھی مشتمل ہو گی۔