فیصل زمان ترقیاتی سکیموں میں روڑے اٹکا کر اہلیان علاقہ سے کونسان بدلہ لے رہے ہیں‘ رکن صوبائی اسمبلی ثوبیہ خان

منگل 30 جون 2015 18:48

ہری پور۔ 30 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) رکن صوبائی اسمبلی فیصل زمان کو عوام نے مسائل کے حل کیلئے منتخب کیا ہے، وہ ہماری ترقیاتی سکیموں میں روڑے اٹکا کر اہلیان علاقہ سے کونسان بدلہ لے رہے ہیں، موصوف کو حلقہ سے 27 ہزار ووٹ ملے ہیں تو مسلم لیگ (ن) کے امیدوار پیر صابر شاہ کو بھی 25 ہزار سے زائد لوگوں نے ووٹ دیئے ہیں، موصوف علاقہ کے ترقیاتی کاموں پر خوش ہونے کی بجائے سرکاری افسران کو دھونس دھاندلی کے ذریعہ ترقیاتی کام رکوا کر یہ ثابت کر رہے ہیں کہ انہیں حلقہ کی عوام سے کوئی دلچسپی نہیں، ہم نہ صرف صوبائی اسمبلی سے بلکہ وزیراعظم پاکستان سے بھی فنڈ لا کر حلقہ میں خرچ کریں گے، عوامی خدمت کے دعویداروں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آ چکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی ثوبیہ خان نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حلقہ کی ترقی کیلئے ہم نے تقریباً ایک کروڑ روپے کی ترقیاتی سکیمیں منظور کروائیں تاہم مقامی رکن صوبائی اسمبلی نے مختلف سرکاری افسران پر دبا ؤ ڈال کر اور صوبائی وزراء سے ملاقاتیں کر کے اس فنڈز کو رکوانے کی کوشش کی، جب میں نے اپنا فنڈ غازی کے ملحقہ دیہاتوں سریکوٹ وغیرہ میں لگانا چاہا تو وہاں بھی موصوف نے رکاوٹیں ڈالی، عوام انتخابات میں عوامی نمائندوں کو اس لئے منتخب کرتے ہیں کہ وہ ان کو در پیش مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کریں گے لیکن انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ تحریک انصاف کے مقامی رکن صوبائی اسمبلی عوام کے مسائل حل ہونے میں خود سب سے بڑی رکاو ٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیر صابر شاہ اس حلقہ کی آن شان اور جان ہیں، اگر کسی نے وقتی طور پر کامیابی حاصل کر لی ہے تو اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ وہ ساری عمر کیلئے اس حلقہ کا مالک بن گیا ہے، وہ علاقہ کے عوام سے کئے ہوئے پیر صابر شاہ کے ایک ایک وعدے کا پاس رکھیں گی اور ہر گلی، محلہ اور علاقہ میں ترقیاتی کام کروائیں گی، صرف صوبائی نہیں بلکہ وفاقی حکومت سے بھی فنڈز لا کر اس حلقہ کی محرومیوں کے خاتمہ کیلئے بطور ایک مسلم لیگی ورکر اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔

متعلقہ عنوان :