حکومت پنجاب کا الیکٹرانک اسٹام پیپر کے اجراء کے منصوبہ آج سے شروع ہوگا

ویب سائیٹ یا ایس ایم ایس کے ذریعے اسٹام پیپر کی تصدیق کی جا سکے گی‘چیئرمین پی آئی ٹی بورڈڈاکٹر عمر سیف

منگل 30 جون 2015 20:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء ) چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے اسٹام پیپر کی خریداری میں ممکنہ جعل سازی، بدعنوانی اور رشوت ستانی روکنے کے لئے ای ۔سٹیمپنگ کا منصوبہ شروع کیا ہے،یہ منصوبہ پی آئی ٹی بی اور پنجاب بورڈ آف ریونیو کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے جس کا پہلا مرحلہ یکم جولائی سے لاہور میں کام شروع کر دے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس نظام کے تحت ایک ہزاریا زائدمالیت کے اسٹامپ پیپر کی تصدیق کمپیوٹرائزڈ نظام کے ذریعے کی جا سکے گی نیز اسٹام پیپر کے حصول کا روائتی پیچیدہ طریقہ ء کار بھی ختم کیا جا رہا ہے کیونکہ اس سے جعلی اسٹام پیپر کی خریدو فروخت کی شکایات عام تھیں۔ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ان شکایات کے پیشِ نظر یہ منصوبہ شروع کرنے کی ہدائت کی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب 32-Aچالان فارم منظور کرانے کے لئے ٹریژری آفس جاکر پیچیدہ اور طویل طریقہء کار سے گذرنے کی ضرورت نہیں بلکہ گھر بیٹھے ویب سائیٹ پر دیا گیا فارم پُرکرکے پرنٹ لیں، مقررہ بینک میں فیس جمع کروائیں اور رسید ٹریژری آفس میں جمع کرا کے مختصر وقت میں اصل اسٹام پیپر حاصل کریں ۔ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ بھاری مالیت کے اسٹام پیپر کے اصلی یا نقلی ہونے کی تصدیق کے لئے 80024پر ایس ایم ایس کیا جا سکے گا یا ویب سائیٹ پر بھی تصدیق کی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں جعلی اسٹام پیپر کے ذریعے حکومتی خزانے کو پہنچنے والے بھاری نقصان کا بھی ازالہ ہو گا۔