عوام کے مسائل کاحل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ،حکومت کراچی میں ناگہانی اموات کا فوری نوٹس لے کرہیٹ اسٹروک کے بروقت علاج کو یقینی بنائے،کراچی بڑے عرصے سے مسائل کا شکارہے،حکمران ہمیشہ سے صرف نظرکرتے آئے ہیں

جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے ناظم مفتی محمد حماداﷲ مدنی کا جلسہ عام سے خطاب

منگل 30 جون 2015 20:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے ناظم مفتی محمد حماداﷲ مدنی نے کراچی میں ہیٹ اسٹروک اور شدیدگرمی کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر شدید تشویش اور بے چینی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی عرصہء دراز سے مسائل کا شکارہے، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ،حکمران خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں، عوام کے مسائل حل کرنے میں ان کی کوئی دلچسپی نہیں ہے، مہنگائی وبیروزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، دوسری جانب بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ اورمختلف علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی نے عوام کے مسائل میں بدترین اضافہ کردیا ہے، اس صورتحال میں اگر کراچی کو مسائلستان کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا ۔

یہ باتیں انہوں نے جمشید ٹاؤن میں منعقدہ باب الاسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے جے یوآئی کراچی ڈویژن کے امیر مولاناپیر لیاقت شاہ، مولانامشتاق عباسی، مولاناغلام مصطفےٰ فاروقی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے صوبائی ناظم مفتی محمدحماداﷲ مدنی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں ناگہانی اموات کا فوری نوٹس لے کرہیٹ اسٹروک کے بروقت علاج کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے رمضان المبارک میں بدترین مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی پر مذمت کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ مہنگائی وبیروزگاری کے بوجھ تلے دبے عوام کو ریلیف دینے کے لئے حکومت فوری طور پر ریلیف پیکیج کا اعلان کرے ۔ جے یوآئی کراچی ڈویژن کے امیر پیر لیاقت علی شاہ نے کہاکہ پورا شہر چوروں ڈکیتوں اور رہزنوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے لیکن پولیس اور دیگر اداروں کی کارکردگی محض صفر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ حکمران خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں ،اور چوروں ڈکیتوں اور راہزنوں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔جے یوآئی کے رہنماؤں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام عوام کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی ،عوام کے مسائل کاحل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس کے لئے ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے ۔

متعلقہ عنوان :