کے الیکٹرک ملک کا سب سے بڑاڈیفالٹراور ملک دشمن ادارہ بن چکاہے،کے الیکٹرک خود 130ارب کی نادھندہ ہے، اب تک وفاق کو 269ارب کا نقصان دے چکا ہے، وہ وقت دور نہیں جب اس ملک کے چھوٹے بڑے صنعت کار اپنی صنعتوں کو بندکرنے پر مجبور ہونگے

مسلم لیگ(ق) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی میڈیا سے گفتگو

منگل 30 جون 2015 20:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک ملک کا سب سے بڑاڈیفالٹراور ملک دشمن ادارہ بن چکاہے ،غریب بیواؤں اور یتیموں کو 2 سے 3ہزار روپے کے نادھندہ قراردے کر اورآپریشن برق کے ذریعے ان کو گھروں سے اٹھاکر ان کی عزت و نفس کو پامال کرنے والا کے الیکٹرک خود 130ارب روپے کا وفاق کا نادھندہ ہے اور اب تک وفاقی حکومت کو 269ارب کا نقصان دے چکا ہے اس پر وفاق اتنے بڑے ڈیفالٹرکو کیوں نہیں پکڑتا ۔

اس کے علاوہ اس نے جس انداز میں غیر قانونی انداز میں لوڈشیڈنگ کرکے سخت گرمیں کئی سو لوگوں کی جانیں لی ہیں اور گزشتہ ایک عرصہ سے اپنی من مرضی کے زائد بلوں کی بھرمار کررہا ہے جس پر جتنا جی چاہے سرچارج لگادے اس بے لگام گھوڑے کو نکیل ڈالی جائے ۔

(جاری ہے)

اس وقت کراچی سمیت متعدد مقامات کے نام نہاد سیاستدانوں کی اس معاملے میں زبان اس لیے بند ہے کہ کے الیکٹرک میں سیاسی رشوت کے تحت ان کے عزیز رشتے دار بڑی بڑی تنخواہوں پر کام کررہے ہیں۔

جبکہ سرکاری اداروں کے بیشتر افسران نے بھی اس بہتی گنگا میں خوب ہاتھ دھوئے ہیں، وفاقی حکومت نے بھی بجلی پر سبسڈی کا خاتمہ کرکے آئی ایم ایف کو خوش کردیاہے تاکہ ان کو اپنی عیاشیوں کے لیے مزید قرضہ مل سکے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ملیر میں سخت گرمی سے ہلاک ہونے والوں لوگوں کے لواحقین سے ملاقات میں کیا،انہوں نے ابراہیم حیدری کی ساحلی پٹی کا دورہ کیا جہاں سخت گرمی کے سبب 46افراد جابحق ہوگئے تھے ، مختلف لوگوں کے گھروں میں جاکر فاتحہ خوانی کی اور مرحومین کی مغفرت کے لیے بھی دعاکی۔

حلیم عادل شیخ نے موقع پر موجود میڈیاکے نمائندوں سے بھی بات کی جس میں ان کاکہنا تھا کہ غریب کے گھر میں بجلی ناہونے کے برابرہے مگر بجلی کا بل پہلے سے بڑھ کر آتا ہے ،جس پر یہ کہنا مناسب ہوگا کہ وہ وقت دور نہیں ہے جب اس ملک کے چھوٹے بڑے صنعت کار اپنی صنعتوں کو بندکرنے پر مجبور ہونگے۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی شہر میں کے الیکٹرک ایسٹ انڈیا کمپنی بناہواہے جس نے غریب عوام کا جینا دوبھر کررکھا ہے ۔

متعلقہ عنوان :