Live Updates

موجودہ ملکی سیاسی صورتحال کے تناظر میں تحریک انصاف کی نئی پیش بندی، مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے

نواز لیگ ،پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے اراکین کو تحریک انصاف میں شامل کرنے کے لیے گرین سگنل پی ٹی آئی مزید بڑی جماعت بنے گی ، لاہور سمیت مختلف اضلاع سے جلدخوشخبریاں سنیں گے‘عبدالعلیم خان

منگل 30 جون 2015 20:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء ) موجودہ ملکی سیاسی صورتحال کے تناظر میں تحریک انصاف نے نئی پیش بندی کا آغاز کردیا ہے پنجاب میں ممکنہ بلدیاتی انتخابات، الیکشن ٹربیونل اور جوڈیشل کمشن کے فیصلوں اور ملکی سطح پر پائی جانے والی سیاسی بے یقینی کو سامنے رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کی قیادت نے اہم فیصلے کیے ہیں اور نواز لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے اراکین کو تحریک انصاف میں شامل کرنے کے لیے گرین سگنل دے دیا گیا ہے ۔

عمران خان نے سینٹرل پنجاب کے حوالے سے اپنے پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالعلیم خان کے ذریعے سیاسی رابطوں کو تیز کیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پنجاب کو خصوصی طور پر فوکس کیا جارہا ہے جس کے لیے پارٹی چیئر مین عمران خان نے خود دلچسپی لیتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کو ذمہ داریا ں سونپی ہیں جس کے نتیجے میں ایک سابق صوبائی وزیر نے گجرانوالہ سے پی ٹی آئی میں شمولیت کرلی ہے جبکہ اوکاڑہ سے سابق وزیر مملکت اور صوبائی وزیر سمیت پیپلز پارٹی سے قائدین کی تحریک انصاف میں شمولیت ہونے والی ہے اور آنے والے چند دنوں میں دیگر اضلاع کے علاوہ لاہور شہر سے بھی سابق اراکین اسمبلی ، ناظمین اور سیاسی رہنماؤں کی کھیپ تحریک انصاف میں شامل ہوسکتی ہے ، تفصیلات کے مطابق چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کو اعتماد میں لیتے ہوئے عبدالعلیم خان دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بھی رابطوں میں مصروف ہیں جس کا مقصد بلدیاتی انتخابات میں مشترکہ حکمت عملی کے لیے راہ ہموار کرنا اور جوڈیشل کمشن کے فیصلے کی روشنی میں آئندہ کا متفقہ لائحہ عمل اختیار کرناہے، ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ تحریک انصاف پنجاب کے مختلف اضلاع میں جیتنے والے سیاست دانوں کو پارٹی میں شامل کرنے کے لیے دو قدم آگے جانے کو تیار ہے اس ضمن میں گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان جو بھی ٹاسک دینگے وہ اس سے عہدہ برآ ہونے کی کوشش کرینگے انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت مختلف اضلاع سے جلد اچھی خبریں سامنے آئینگی اور انشاء اﷲ تحریک انصاف پہلے سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات