مسلم لیگ (ن) نے حلقہ این اے 19 کے ضمنی الیکشن میں عمر ایوب کی جگہ میر اختر نوا زکے بیٹے بابر خان کو پارٹی ٹکٹ جاری کردیا

، عمرایوب خان نے والدہ کی علالت اور دیکھ بھال کی وجہ سے انتخاب لڑنے سے معذرت کی تھی بابر خان نے 2013ء کے عام انتخابات میں آزاد حیثیت میں خیبرپختونخوا اسمبلی کا الیکشن لڑا، وہ میر اختر خان نوازکے صاحبزادے ہیں ، سابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کومیں ایم ایم اے دور میں قتل کردیا گیا تھا

منگل 30 جون 2015 20:41

مسلم لیگ (ن) نے حلقہ این اے 19 کے ضمنی الیکشن میں عمر ایوب کی جگہ میر اختر ..

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء ) مسلم لیگ (ن) نے ہری پور کے حلقہ این اے 19 کے ضمنی الیکشن میں سابق سپیکر گوہر ایوب خان کے بیٹے عمر ایوب کی جگہ سابق صوبائی وزیر میر اختر نواز خان (مرحوم) کے بیٹے بابر خان کو پارٹی کا امیدوار نامزد کردیا اور اسے ٹکٹ جاری کردیا گیا ہے ، عمر ایوب خان اپنی والدہ کی بیماری کے باعث بیرون ملک ہونے کی وجہ سے الیکشن سے دستبردار ہوئے ہیں اور اسی لئے وزیراعظم نواز شریف نے بابر خان کو پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے مشاورت کے بعد ضمنی الیکشن میں (ن) لیگ کا امیدوار بنایا ہے ۔

(جاری ہے)

(ن) لیگ کے ذرائع کے مطابق بابر خان نے 2013ء کے عام انتخابات میں آزاد حیثیت میں خیبرپختونخوا اسمبلی کا الیکشن لڑا تھا اور اس میں 26 ہزارووٹ حاصل کیے تھے ، وہ میر اختر خان نواز سابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کے صاحبزادے ہیں جنہیں خیبرپختونخوا میں ایم ایم اے کی حکومت کے دور میں قتل کردیا گیا تھا اور وہ ہری پور میں ایک معروف سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور حلقے میں خاصے مقبول بھی ہیں جبکہ بابر خان قومی وطن پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی گوہر نواز خان کے بھتیجے بھی ہیں ، پارٹی ذرائع کے مطابق عمر ایوب خان جنہوں نے 2013ء کے انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی تھی تاہم الیکشن ٹربیونل نے اس حلقے میں دوبارہ انتخابات کرانے کا فیصلہ دیا جسے سپریم کورٹ نے برقرار رکھا ، عمرایوب خان کی والدہ ان دنوں شدید علیل ہیں اور وہ لندن میں زیر علاج ہیں ، والدہ کی عیادت اور دیکھ بھال کی وجہ سے عمر ایوب خان نے ضمنی انتخاب لڑنے سے معذرت کی تھی جس پر وزیراعظم نواز شریف نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا ، گورنر کے پی کے سردار مہتاب عباسی اور پیر صابر شاہ سے مشاورت کے بعد بابر خان کو پارٹی کا ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا