ایف آئی اے کا فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی گھوسٹ ملازمین کی تنخواہیں روکنے کا فیصلہ، ملازمین کا تمام ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا

منگل 30 جون 2015 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) ایف آئی اے نے فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے گھوسٹ ملازمین کی تنخواہیں روکنے کا فیصلہ کرلیا‘ گھوسٹ ملازمین کا تمام ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تحقیقاتی اداروں کی طرف سے فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے گھوسٹ ملازمین کی تنخواہیں روکنے کا فیصلہ کرلیا گیا اس حوالے سے اب تک فشر مین کے بارہ کے قریب افراد بھی گرفتار کئے جاچکے ہیں جبکہ گھوسٹ ملازمین کا ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے نے کرپٹ افسران کے لئے فرنٹ مین کا کردار ادا کرنے والے ٹھیکیداروں کی تلاش بھی شروع کردی ہے۔ ٹھیکیداروں نے ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں سے کروڑوں روپے رشوت وصول کی تھی ایف آئی اے ذرائع کے مطابق جانچ پڑتال میں تین سو سے زائد ملازمین کی موجودگی ظاہر نہیں ہوتی جبکہ ان گھوسٹ ملازمین کے نام پر کروڑوں روپے کی تنخواہیں اور الاؤنسز جاری کئے جاتے رہے۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے نے گزشتہ روز فشریز کے ٹھیکیدار ریاض کٹی کے دفتر پر بھی چھاپہ مارا تھا اور تمام ریکارڈ قبضے میں لے لیا تھا۔