کوہاٹ،سیکرٹریز یونین کونسل کا بھی تالہ بندی ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان

پیدائش ، اموات ، نکاح نامہ کی رجسٹریشن کیلئے عوام کی مشکلات بڑھ گئیں

منگل 30 جون 2015 21:31

کوہاٹ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء)صوبہ بھر کی طرح سیکرٹریز یونین کونسل کوہاٹ نے بھی تالہ بندی ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کردیا ہے،پیدائش ، اموات ، نکاح نامہ کی رجسٹریشن کیلئے عوام کی مشکلات بڑھ گئیں، سیکرٹری یونین کونسل کی تالہ بندی ہڑتال اپ گریڈیشن ٹائم سکیل اور سروس سٹرکچر کی بحالی تک جاری رہے گی۔آل سیکرٹری یونین کونسل ایسوسی ایشن کے ضلعی صدرمحمد ارشد خان، جنرل سیکرٹری زاہدخان، محمد اسلم، زمان خان، شکیل احمد، محمد سمیع، عبداللہ خان،محمد یعقوب پراچہ، عبدالمطلب، صابر شاہ و دیگر سیکرٹریز یونین کونسلز کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ نے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی تھی، جن کو اپ گریڈیشن کی سفارشات مرتب کرنی تھی،چیف سیکرٹری نے سیکرٹری یونین کونسلز کی سکیل سات سے گیارہمیں اپ گریڈیشن کی سفارشات منظور کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کو ارسال کیں، وزیر اعلیٰ نے وعدہ کیا کہ آئندہ مالی سال2015-16ء کے بجٹ میں اس باقاعدہ منظوری دی جائے گی ، لیکن تا حال یہ وعدہ ایفا نہ ہوسکا، انہوں نے کہا کہ سیکرٹری یونین کونسلز کے ساتھ حسب سابق ناانصافی روا رکھی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہا کہ ہم جملہ سیکرٹریز یونین کونسلز کوہاٹ صوبائی قائدین کے احکامات پر حکومت کے اس ناروا سلوک کے خلاف اور اپنے مطالبات اپ گریڈیشن ٹائم سکیل اور سروس سٹرکچرکی منظوری تک تالا بند ہڑتال جاری رکھیں گے۔`