پی ایچ ایف کے عہدیدار دورہ یورپ پر سیر و تفریح میں مصروف

کھلاڑیوں کے لیے یومیہ الاوٴنس تو بیس ڈالر ہے لیکن فیڈریشن کے عہدیدار ڈھائی سو امریکی ڈالر یومیہ الاوٴنس لے کر بیلجیئم، ہالینڈ اور فرانس میں مزے لوٹ رہے ہیں پی ایچ ایف کے پیٹرن انچیف وزیر اعظم میاں نواز شریف کو اس ساری صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے ، سابق اولمپئینز

منگل 30 جون 2015 21:42

پی ایچ ایف کے عہدیدار دورہ یورپ پر سیر و تفریح میں مصروف

(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) فنڈز نہ ہونے کا رونا رونے والی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیدار دورہ یورپ میں سیر و تفریح میں مصروف ہیں۔ کھلاڑیوں کے لیے یومیہ الاوٴنس تو بیس ڈالر ہے لیکن فیڈریشن کے عہدیدار ڈھائی سو امریکی ڈالر یومیہ الاوٴنس لے کر بیلجیئم، ہالینڈ اور فرانس میں مزے لوٹ رہے ہیں۔ایک طرف تو پاکستان ہاکی فیڈریشن ہمیشہ قومی کھیل کو چلانے کے لیے فنڈز نہ ہونے کا رونا روتی رہتی ہے لیکن فیڈریشن کے عہدیدار اپنے سیر سپاٹوں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے تو میچ فیس ایک سو پچاس ڈالر جبکہ یومیہ الاوٴنس بیس ڈالر ہے لیکن فیڈریشن کے عہدیدار ڈھائی سو ڈالر یومیہ الاوٴنس لے کے یورپ گھوم پھر رہے ہیں۔فیڈریشن کے عہدیدار تو ایک طرف پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق سیکریٹری آصف باجوہ بھی ابھی تک مزے لوٹنے میں مصروف ہیں۔ وہ بھی اختر رسول اور رانا مجاہد کے ہمراہ دورہ یورپ پر موجود ہیں۔ سابق ہاکی اولمپیئنز کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف کے پیٹرن انچیف وزیر اعظم میاں نواز شریف کو اس ساری صورتحال کا نوٹس لینا چاہیئے۔ `