ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث عناصر کا محاسبہ کیا جائے ، سید اشرف قریشی

افسوسناک امر ہے بعض جماعتیں غیر ملکی اعانت کے سہارے ملک میں عوامی طاقت بن جاتی ہیں

منگل 30 جون 2015 22:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) جماعۃ السنہ پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ اور اہلحدیث ایکشن کمیٹی کے رہنما سید اشرف قریشی اور دیگر رہنماؤں سید عامر نجیب ، مولانا نعمان اصغر ، شرافت حسین اثری ، محمد عرفان شیخ اور حافظ حنیف سلفی نے کہا ہے کہ حکومت بلا تخصیص سیاسی اثر و رسوخ کے ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث عناصر کا محاسبہ کرے اور ایسی کسی بھی جماعت پر پابندی عائد کردی جائے جو ملکی سلامتی کے خلاف ہلکے سے بھی عزائم رکھتی ہو ۔

رہنماؤں نے کہا کہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ بعض جماعتیں غیر ملکی اعانت کے سہارے ملک میں عوامی طاقت بن جاتی ہیں اور پھر ملک کو غیر مستحکم کرنے والی سرگرمیاں اختیار کرتی ہیں جبکہ ایسی جماعتیں ملک کے معصوم عوام کی محرومیوں کو بطور ڈھال استعمال کرتی ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار جماعۃ السنہ پاکستان کے رہنماؤں نے گذشتہ روز اسلام نگر اورنگی ٹاؤن میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

سید اشرف قریشی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ آئین میں دیا گیا تنظیم سازی کا اختیار کچھ نہ کچھ شرائط کا پابند ضرور ہونا چاہئیے تا کہ ملک دشمن قوتوں کا راستہ روکا جاسکے ۔ رہنماؤں نے کہا کہ فوجی آمریت اور سول جمہوری حکومتیں اپنے مقاصد کے لئے ماضی میں ایسی جماعتوں کی تائید حاصل کرتی رہی ہیں اور انہی کی پُشت پناہی کے باعث نا پسندیدہ قوتیں پروان چڑھ جاتی ہیں جو بعد ازاں ملک کی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث پائی جاتی ہیں ۔ سید اشرف قریشی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ ایک وقت میں کسی جماعت کو ملک دشمن قرار دینا اور دوسرے وقت میں محب وطن قرار دے کر گلے لگانا انتہائی تعجب خیز ہے حکومتوں کو اپنے اس عمل پر بھی نظر ثانی کرنی چاہئے ۔