انڈونیشیا ٗ مال بردار فوجی طیارہ شمالی سماٹرا میں ایک شہری علاقے میں گر کر تباہ ہونے سے 116 افراد ہلاک

حادثہ منگل کو مدان نامی شہر میں پیش آیا ٗچار انجن والا ہرکیولیس سی 130 طیارہ رہائشی آبادی پر گر گیا ٗآگ لگ گئی جہاز میں سوار 113 افراد میں سے کسی کے زندہ بچنے کی امید نہیں ہے ٗ سربراہ فضائیہ

منگل 30 جون 2015 22:18

جکارتہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء)انڈونیشیا میں فوجی حکام کے مطابق ایک مال بردار فوجی طیارہ شمالی سماٹرا میں ایک شہری علاقے میں گر کر تباہ ہونے سے 116 افراد ہلاک ہوگئے حکام کے مطابق یہ حادثہ منگل کو مدان نامی شہر میں پیش آیا جہاں چار انجن والا ہرکیولیس سی 130 طیارہ رہائشی آبادی پر گر گیا۔طیارہ ایک ہوٹل اور دو مکانوں پر گرا اور اس میں آگ لگ گئی۔

انڈونیشیا کی فضائیہ کے سربراہ اگوس سپریاٹنا نے جائے وقوع کا دورہ کیا۔ انھوں نے بتایا جہاز میں سوار 113 افراد میں سے کسی کے زندہ بچنے کی امید نہیں ہے حادثے کے بعد تقریباً 50 لاشوں کو ہستپال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ بقیہ کی تلاش جاری ہے۔علاقے میں ایک بڑے امدادی آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔فوج کے ایک ترجمان فواد باسیا نے کہا کہ طیارہ دوپہر 12 بج کر آٹھ منٹ پر فضائیہ کے اڈے سے اڑا تھا اور دو منٹ بعد ہی پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر شہر میں گر کر تباہ ہو گیا۔

(جاری ہے)

مقامی ٹی وی چینلوں کے مطابق طیارہ دو مکانات اور ایک کار پر گرا اور اس میں آگ لگ گئی انڈونیشیائی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک جائے حادثہ سے 30 لاشیں نکال لی گئی ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں لیکن شدید آگ اور دھوئیں کی وجہ سے امدادی کارکنوں کو مشکلات درپیش ہیں۔