ناجائز منافع خوری کے خلاف مہم جاری، 163 دکانداروں کا چالان، 11 دکاندار گرفتار، 3 لاکھ 18 ہزار روپے جرمانہ وصول

منگل 30 جون 2015 22:32

کراچی ۔ 30 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی ہدایت پر ناجائز منافع خوروں کے خلاف مہم جاری ہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی میں 11 گراں فروشوں کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 163 دکانداروں کے چالان کئے گئے جس میں 3 لاکھ 18 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

(جاری ہے)

کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کریں، ناجائز منافع خوروں کی دکانیں سیل کر دیں اورکسی کو معاف نہ کریں اور یقینی بنائیں کہ ہر دکاندار سرکاری نرخ ناموں کی ہر روز جاری ہونے والی فہرستوں کو نمایاں طور آویزاں کریں، جو دکاندار سرکاری نرخ نامہ آویزاں نہ کرے ان کے خلاف بھی پرائس ایکٹ کے تحت کاروائی کی جائے۔ گراں فروشوں کے خلاف شہر میں جاری کارروائیوں کے دوران 27 دودھ فروش، 63 پھل فروش، 17 سبزی فروش، 20 اشیاء خوردو نوش اور 36 مرغی فروشوں کے چالان کئے گئے جبکہ مسلسل خلاف ورزی کر نے پر 11 گرانفروشوں کو گرفتار کر کے جیل بھجوا دیا گیا۔