حکومت پوسٹل سروسز کے میدان میں انقلابی تبدیلیوں کی خواہاں ہے،میاں عالم دادلالیکا

منگل 30 جون 2015 22:35

اسلام آباد ۔ 30 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے مواصلات میاں عالم دادلالیکا نے کہا ہے کہ حکومت پوسٹل سروسز کے میدان میں انقلابی تبدیلیوں کی خواہاں ہے اور ملک کے اندر آج بھی ڈاک خانوں پر عوام کا اعتماد ایک منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاکستان ڈاک کے شعبے میں ایک وسیع تاریخ رکھتا ہے اور ماضی کے جھروکوں میں ڈاک خانہ اور ڈاکیا عوام کے درمیان میل جول کا ذریعہ مانا جاتا تھا۔

عوام کو شعبہ ڈاک کی بہترین سہولیات بہم پہنچانا حکومت کا اولین فریضہ ہے۔ یہ بات انہوں نے وزارت مواصلات اور پاکستان پوسٹ میں نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل پوسٹل سروسز فقیر سید شہریار الدین سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کہی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری مواصلات اورنگ زیب حق کے علاوہ ملک ابرار رکن قومی اسمبلی و چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی کشمیر آفیئرز اینڈ گلگت بلتستان موجود تھے۔

(جاری ہے)

پارلیمانی سیکرٹری میاں عالم داد خان لالیکا نے کہا کہ وزارت مواصلات ، پوسٹل سروس کے ذریعے عوام کو ڈاک کے شعبہ میں برق رفتاری کے ساتھ پائیدار اور ٹھوس خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی متمنی ہے چونکہ عوام ابھی بھی ڈاک کی موثر ترسیل اور ڈاک خانوں پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے اس امر کا یقین دلایا کہ ڈاک کے شعبے میں درپیش مسائل کے ازالے میں کاوشیں بروئے کار لائی جائیں گی تاکہ پوسٹل سروسز کی کارکردگی میں نکھار کو یقینی بنائے جاسکے۔

میاں عالم داد خان لالیکا نے پاکستان پوسٹل سروسز کے نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل سے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی تعیناتی کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ پیش کریں گے اور محکمہ ڈاک کو عوام کی توقعات اور حکومت کے وژن کے مطابق اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔