ہم مادرِوطن کے دفاع کے فرض سے پوری طرح آگاہ ہیں ،پاک فضائیہ ملکی خودمختاری کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کا پی اے ایف بیس فیصل میں 28ویں ائیر وار کورس کے کانووکیشن سے خطاب

منگل 30 جون 2015 23:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء)پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہاہے کہ ہم اپنے مادرِوطن کے دفاع کے فرض سے پوری طرح آگاہ ہیں اور پاک فضائیہ ملک کی آزادی اور خودمختاری کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے،روایتی جنگ ہو یا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، پاک فضائیہ تینوں افواج کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ملکی دفاع میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی ۔

وہ منگل کو یہاں ائیر وار کالج ، پی اے ایف بیس فیصل میں 28ویں ائیر وار کورس کے کانووکیشن تقریب کے دوران خطاب کررہے تھے ۔ پاک فضائیہ کے سربراہ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ پاک فضائیہ کے سر براہ نے گریجویٹنگ آفیسر ز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی تکمیل کے لئے شاندار روایات کی حامل ہے۔

(جاری ہے)

روایتی جنگ ہو یا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، پاک فضائیہ تینوں افواج کے درمیان مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ملکی دفاع میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔

پاک فضائیہ کے سربراہ نے گریجویٹنگ آفیسرز کو کورس کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے ائیر وار کالج کی جانب سے کورس کے شرکاء کو قومی دفاعی ضروریات کو مدنظر رکھ کر دی جانے والی تربیت اور مہارت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ قبل ازیں ائیر وائس مارشل پیر زادہ کمال الدین احمد صدیقی، کمانڈنٹ ائیر وار کالج نے کورس رپورٹ پیش کی ۔گریجویٹ ہونے والے آفیسرز کا تعلق پاک فضائیہ ، آرمی اور نیوی کے علاوہ سات دوست ممالک کی افواج سے تھا جن میں بنگلہ دیش، چین، ایران، اردن، ملائیشیاء، سری لنکا اور ترکی شامل ہیں۔ اس تقریب میں اعلیٰ فوجی وسول عہدیداران اور دوست مماک کے سفیروں نے شرکت کی۔