خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی، جماعت اسلامی کے سوا تمام جماعتوں نے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی ، ری پولنگ رمضان المبارک کے بعد کی جائے

امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمدابراہیم خان کا افطار ڈنر سے خطاب

منگل 30 جون 2015 23:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمدابراہیم خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد صوبائی حکومت کا کارنامہ ہے تاہم انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی۔ جماعت اسلامی کے سوا تمام جماعتوں نے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی۔ ری پولنگ رمضان المبارک کے بعد کی جائے۔ وہ منگل کو المرکز اسلامی میں بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے جماعت اسلامی پشاور کی طرف سے ڈسٹرکٹ اور تحصیل کونسل ممبران کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کررہے تھے ۔

افطار ڈنر سے سینئر صوبائی وزیر برائے بلدیات و دیہی ترقی عنایت اﷲ خان ، نائب امیر ڈاکٹر محمد اقبال خلیل ، ضلعی امیر صابر حسین اعوان اور سیکرٹری جنرل خالد وقاص چمکنی نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

افطار ڈنر میں آزاد حیثیت سے کامیاب ویلج کونسل ہزار خوانی کے نومنتخب چیئرمین نظار خان نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کامیاب ہونے والے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے بھر پور کوشش کریں اور ان کی مشکلات کا ازالہ کریں۔

جو امیدوار ان انتخابات میں کامیاب نہ ہوسکے وہ محنت جاری رکھیں۔ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے سینیئر صوبائی وزیر اور وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اﷲ خان نے کہا کہ پچھلی حکومتوں میں پارٹیوں نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں ہمیشہ پس وپیش سے کام لیا۔ یہ پارٹیاں نہیں چاہتی تھیں کہ اختیارات تقسیم ہوں بلکہ یہ خود اختیارات پر قابض رہنا چاہتے تھے۔

موجودہ صوبائی حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا اپنا وعدہ پورا کردیا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے نتیجے میں اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوں گے اور عوام کے مسائل بہتر انداز میں حل ہونے میں مددملے گی۔ انہوں نے کہا کہ2001ء میں بلدیات کا طاقتور نظام بنا لیکن موجودہ نظام اس نظام سے منفرد اور کئی گنا طاقتور ہے۔ بلدیاتی اداروں کے لئے بجٹ میں 30فیصد فنڈ مختص کیا گیا ہے جو 2001ء کے نظام سے کئی گنا زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے نتیجے میں ضلع ، تحصیل اور ویلج کونسل کے طاقتور یونٹ بنیں گے۔ اس نظام کے تحت ہر سطح کے چیئرمین کو اختیارات دئیے جائیں گے۔ ویلج کونسل کا چیئرمین سکولوں اور بی ایچ یوز کی انکوائری کرکے حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کرسکے گا اور صوبائی حکومت اس انکوائری کی بنیاد پر ایکشن لے گی۔ انہوں نے نومنتخب ممبران پر زور دیا کہ وہ اکثریتی کونسلرز کو اپنے ساتھ اکھٹا کرکے فنڈز کو عوام کے بہتر مفاد میں استعمال کریں۔ عوام کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط بنائیں اور ان کی غمی خوشی میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک اسلامی کی کامیابی جہد مسلسل سے عبارت ہے۔ کارکنان جماعت اسلامی کی دعوت ہر فرد تک پہنچائیں۔