انڈونیشیا میں فوجی طیارہ گرکر تباہ ، 116 افراد ہلاک،متعدد زخمی

طیارے میں 101 مسافروں سمیت113 افراد سوار تھے ،مرنے والوں میں فضائیہ کے افسروں کے خاندان بھی شامل طیارے میں فنی خرابی پیدا ہونے کے بعد پائلٹ کو واپس ائیربیس پر اترنے کے لیے کہا گیا تھا،حکام

منگل 30 جون 2015 23:03

جکارتہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) انڈونیشیا میں فوجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 116 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔عالمی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے فوجی ترجمان کے مطابق فوج کے زیر استعمال سی 130 ہرکیولیس طیارے نے شمالی سماٹرا کے شہرمدان کے فوجی اڈے سے اڑان بھری تھی جس میں 101 مسافروں سمیت113 افراد سوار تھے اور ان میں فضائیہ کے افسروں کے خاندان بھی شامل تھے۔

طیارہ پرواز بھرنے کے فوری بعد ہی شہر کے گنجان آباد علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے سے 2 رہائشی عمارتوں اوردیگر املاک کو آگ لگ گئی۔ انڈونیشا کی فوج کے ترجمان فواد بسیا نے طیارے میں موجود تمام مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے جب کہ طیارے سے لاشوں کو نکالنے کا کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

انڈونیشین ایئر فورس چیف کا کہنا ہے کہ انہوں نے حادثے کی جگہ کا معائنہ کیا جہاں اب تک 66 لاشوں کو طیارے سے نکال لیا گیا ہے جب کہ دیگر لاشوں کی تلاش کا کام جاری ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے میں فنی خرابی پیدا ہونے کے بعد پائلٹ کو واپس ائیربیس پر اترنے کے لیے کہا گیا تھا۔واضح رہے کہ انڈونیشی فوج کے حادثے کا شکار ہونے والے اس طیارے کی عمر پچاس سال کے لگ بھگ تھی۔ایسے ہی تین طیارے پہلے بھی حادثات کا شکار ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے انڈونیشیا میں فضائی تحفظ کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔انڈونیشی فضائیہ کے ترجمان ڈیوی بدر منٹو کا کہنا ہے کہ فی الوقت حادثے کی وجوہ غیر واضح ہیں اور اس کی تحقیقات تک آٹھ دوسرے سی 130 بی طیارے گراؤنڈ کردیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :