وزیراعظم نواز شریف کے دورہ کراچی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات

بدھ 1 جولائی 2015 11:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف کے دورہ کراچی کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے‘ وزیراعلیٰ ہاؤس کے ملازمین کے وزیراعلیٰ ہاؤس میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی۔ بدھ کو وزیراعظم نواز شریف کراچی کے ایک روزہ دورہ پر ایئرپورٹ پہنچے تو وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ان کا استقبال کیا اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سندھ کے عہدیدار اور صوبائی حکام بھی ہوائی اڈے پر موجود تھے۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار‘ وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ‘ وزیر اطلاعات پرویز رشید ‘ وفاقی وزیر مشاہد الله اور وفاقی وزیر سارہ افضل تارڑ بھی وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کراچی میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو کراچی کی صورتحال اور صحت کے حوالے سے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نواز شریف ایئرپورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم کے دورے کے پیش نظر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کے ملازمین کا داخلہ بند کردیا گیا ان ملازمین کو دس بجے سے پہلے آنے کا کہا گیا تھا اور خصوصی کارڈ جاری کئے گئے تھے تاہم جو ملازمین دس بجے کے بعد پہنچے انہیں وزیراعلیٰ ہاؤس میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔