ارجنٹائن کی ٹیم کوپا امریکا 2015ء کے فائنل میں پہنچ گئی

بدھ 1 جولائی 2015 12:05

ارجنٹائن کی ٹیم کوپا امریکا 2015ء کے فائنل میں پہنچ گئی

سانتیاگو ۔ یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) ارجنٹائن کی فٹ بال ٹیم کوپا امریکا 2015ء کے فائنل میں پہنچ گئی۔ ارجنٹائن کی ٹیم نے دوسرے سیمی فائنل میں پیرا گوئے کو بآسانی 6-1 گول سے شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ ارجنٹائن کی طرف سے ڈیماریا نے دو جبکہ روجو، پاسٹوری، اجیرو اور ہیجیون نے ایک ایک گول سکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

پیرا گوئے کی طرف سے واحد گول باریوس ساسیرس نے 43 ویں منٹ میں سکور کیا۔ بدھ کو دونوں ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فئانل میچ شروع ہوا تو ارجنٹائن کی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی حریف کی ٹیم پر حاوی ہوگئی، ارجنٹائن کے روجو نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے میچ کے پندرھویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو پیرا گوئے کے خلاف 1-0 کی برتری دلا دی، جس کے 12 منٹ بعد ہی ارجنٹائن کی طرف سے پاسٹوری نے ایک گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری کو بڑھاتے ہوئے 2-0 کردیا۔

(جاری ہے)

پہلا ہاف ہونے سے دو منٹ قبل پیرا گوئے کے کھلاڑی باریوس ساسیرس نے 43 ویں منٹ میں ایک گول کرکے مقابلہ 2-1 کر دیا۔ ہاف کے بعد ارجنٹائن کی ٹیم نے مزید بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے پیرا گوئے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے شروع کردیئے، ہاف کے فوراً بعد ڈیماریا نے 47 ویں اور 53 ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے دو گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری کو بڑھاتے ہوئے 4-1 کردیا، اجیرو نے میچ ختم ہونے سے 10 منٹ قبل 80 ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ 5-1 کردیا۔ میچ کے اختتامی لمحات میں ہیجیون نے 83 ویں منٹ میں ایک گول کرکے مقابلہ 6-1 کر دیا جو کھیل کے آخر تک برقرار رہا اور یوں ارجنٹائن عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پیرا گوئے کو دوسرے سیمی فائنل میں 6-1 سے شکست دے کر کوپا امریکا 2015ء کے فائنلکیلئے کوالیفائی کرلیا۔