پولیس اہلکار عوام کے ساتھ خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آئیں‘ریجنل پولیس آفیسر ملتان

بدھ 1 جولائی 2015 12:25

خانیوال( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) ملتان کے نئے ریجنل پولیس آفیسر طارق مسعود یٰسین کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال جہانزیب نذیر خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیس خانیوال کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او خانیوال جہانزیب نذیر خان نے کہا کہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آئیں بد اخلاقی کا مظاہرہ کرنیوالوں کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائیگا اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے مہم مزید تیز کی جائے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنیوالوں کو گھر بھیج دیا جائیگااس سلسلہ میں آرپی او کی ہدایات کی روشنی میں سخت سے سخت سزا دی جائیگی ۔

انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کا فوری طور پرنوٹس لیتے ہوئے مقدمات کا اندارج کریں اور ڈی این اے ٹیسٹ ہر صورت میں کروایا جائے ا ور مقدمات کی تفتیش خالصتاً میرٹ پر کی جائے کسی قسم کا دباؤ قبول نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے کہا کہ عوام الناس کو انصاف کی فراہمی کیلئے جملہ ایس ایچ اوز لوگوں کی شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے اپنے اپنے تھانو ں میں مسلسل دو گھنٹے کاوقت ضرور دیں اور اپنے شیڈول سے ڈی پی او آفس کومطلع کریں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ آرپی او ملتان کی ہدایات کی روشنی میں کسی کے ساتھ ظلم و ناانصافی برداشت نہیں کی جائیگی اور کرپشن و اختیارات سے تجاوز ہرگز برداشت نہیں کی جائیگا ۔اجلاس میں میڈ م زنیرہ نور اے ایس پی اور ایس پی انوسٹی گیشن نعیم الحسن خان سمیت ضلع بھر کے ایس ایچ اوز ‘ایس ڈی پی اوز نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :