ایران کو جوہری معاہدے کیلئے مثبت اقدام کرنا ہوں گے ‘امریکی صدر براک اوباما

بدھ 1 جولائی 2015 12:52

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ ایران کو جوہری معاہدے کیلئے مثبت اقدام کرنا ہوں گے اگرمعاہدے کی شرائط اطمینان بخش نہ ہوئیں تو قبول نہیں کریں گے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر نے کہاکہ ایران سے جوہری معاہدہ ان کی خواہش ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ رواں سال کے اختتام تک معاہدہ طے پاجائے اور اگر وہ اس معاہدے کے ذریعے ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کے راستے سے ہٹانے کے مقصد میں ناکام رہے تو اس سے علیحدہ ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جوہری معاہدہ ایران کی یقین دہانیوں پر منحصر ہے اور معاہدے کی شرائط پوری کرنا ایرانیوں کا کام ہے۔ صدر اوباما نے ایران پر زور دیا کہ وہ انسپکٹرز کو جوہری تنصیبات کے معائنے کی اجازت دے تاکہ تصدیق ہوسکے کہ ایران معاہدے کی خلاف ورزی تو نہیں کررہا۔

(جاری ہے)

امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب آسٹریا کے شہر ویانا میں ایران اور 6 بڑی عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے پر مذاکرات جاری ہیں تاہم بعض امور پر اختلاف کے باعث مذاکرات کی ڈیڈ لائن میں توسیع کرتے ہوئے مذاکرات 30 جون کے بعد بھی جاری رکھنے کا اعلان کیاہے جب کہ مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں عالمی برادری کی جانب سے ایران پر عائد کردہ پابندیوں میں نرمی آئے گی جس کے باعث ایران کو بہت سے معاشی فوائد حاصل ہوسکیں گے۔

متعلقہ عنوان :