جائیکا (جاپان) صوبہ بھرمیں واقع ٹیوٹا کے 12 گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کی مکینکل ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کریگی‘ عرفان قیصر شیخ

بدھ 1 جولائی 2015 12:55

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) جائیکا (جاپان) صوبہ بھرمیں واقع ٹیوٹا کے 12 گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کی مکینکل ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کرے گی،اس اپ گریڈیشن سے ٹیوٹا اداروں میں تربیت حاصل کرنے والی نوجوان نسل کو بین الاقوامی سطح کی فنی تربیت فراہم کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے گزشتہ روز(بدھ) جائیکا پراجیکٹ کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، جنرل منیجرز حامد غنی انجم، عبد القیوم، اظہر اقبال شاد، اختر عباس بھروانہ، جائیکاکوآرڈینیٹرعاقب شریف، سرفراز انور اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے بتایا کہ ٹیوٹا اداروں کے مکینکل ڈیپارٹمنٹ کو اپ گریڈ کرنے کیلئے جائیکا کے ساتھ باقاعدہ معاہدہ ہو گیا ہے جس کے مطابق جائیکا کی جانب سے گورنمنٹ کالجزآف ٹیکنالوجی فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، گجرات ، لیہ ، ملتان ، سانگلہ ہل ، ساہیوال ، سرگودھا ، سیالکوٹ ،جہلم ، بہاولپور اور گورنمنٹ سٹاف ٹریننگ کالج فیصل آباد میں مکینیکل ٹیکنالوجی کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کیلئے فنی معاونت فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

چیئرپرسن ٹیوٹا نے مزید بتایا کہ یہ معاہدہ گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالو جی ریلوے روڈ میں سٹیٹ آف دی آرٹ مکینیکل ٹیکنالوجی کے کامیاب آغاز کے بعد صوبہ پنجاب میں ٹیوٹا کے دیگر اداروں میں عالمی سطح کی فنی تعلیم و تربیت فراہم کرنے کی طرف پیش قدمی ہے۔اس معاہدہ کے مطابق صوبہ پنجاب کی نوجوان نسل کو وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی۔

اس معاہدے سے افرادی قوت کو ذاتی قابلیت اور روزگار کے حصول کیلئے جدید مہارت حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔جائیکا نے ٹیوٹا اور انڈسٹری روابط میں اضافہ اورپاکستان میں جاپانی کمپنیوں میں ٹیوٹا اداروں کے زیر تربیت ہنر مندوں کیلئے آن جاب ٹریننگ اور بعد ازاں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے بارے میں بھرپور یقین دلایا ہے۔

متعلقہ عنوان :