کینگرو فاسٹ بالرمچل سٹارک نے گلابی گیند پر تحفظات کا اظہار کردیا

بدھ 1 جولائی 2015 13:23

کینگرو فاسٹ بالرمچل سٹارک نے گلابی گیند پر تحفظات کا اظہار کردیا

سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار یکم جولائی۔2015ء) کینگرو پیسر مچل سٹارک کو گلابی گیند قطعی متاثر نہیں کر سکی جن کے تحفظات اپنی جگہ برقرار ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ روایتی سرخ بال قطعی نہیں ہے جس کا وکٹ پر گرنے کے بعد ردعمل یکسر مختلف ہوتا ہے ۔ گلابی گیند کا تجربہ کرنے والے کھلاڑی اس بات کی شکایت کرتے رہے ہیں کہ یہ فیلڈنگ کے دوران واضح طور پر نظر نہیں آتی جبکہ ان کے کچھ اور تحفظات بھی ہیں لیکن کرکٹ آسٹریلیا نے رواں سال نومبر میں نیوزی لینڈ کیخلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کی منصوبہ بندی کو عملی جامہ پہنانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔

مچل سٹارک گزشتہ برس نیو ساؤتھ ویلز کی جانب سے شفیلڈ شیلڈ کے ڈے اینڈ نائٹ مقابلے میں ساؤتھ آسٹریلیا کیخلاف گلابی گیند سے کھیل چکے ہیں جن کا صاف الفاظ میں کہنا ہے کہ یہ سرخ گیند کی طرح ہو ہی نہیں سکتی کیونکہ سوئنگ اورسختی کے لحاظ سے اس کا ردعمل سرخ گیند سے یکسر مختلف ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ یہ بہت جلدی نرم پڑجاتی ہے اور اسے ریورس سوئنگ کرنا بہت مشکل ہوتا ہے جو مصنوعی روشنیوں میں تھوڑی سی سوئنگ ہوتی ہے مگر اس کا ردعمل سرخ بال سے یقینی طور پر یکسر مختلف ہوتا ہے ۔

انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ باؤنڈری پرفیلڈنگ کرتے ہوئے گیند نظر نہیں آتی اور اگر یہ انہیں دکھائی نہیں دیتی تو شائقین کو کیسے نظر آئے گی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ماضی کے مقابلے میں جب گلابی گیند کے معیار میں کافی فرق آیا ہے اور کوکابرا کو اس کیلئے سراہنا ہوگا لیکن یہ وقت ہی ثابت کرے گا کہ میدان میں بیٹھے شائقین،ٹی وی پر میچز دیکھنے والے اور کھلاڑی اس کو کیسا دیکھتے ہیں ۔