متنازع الیکشن؛ فیصل صالح چوتھی بار صدر فٹبال فیڈریشن منتخب

بدھ 1 جولائی 2015 13:42

متنازع الیکشن؛ فیصل صالح چوتھی بار صدر فٹبال فیڈریشن منتخب

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) پی ایف ایف کے متنازع الیکشن میں مخدوم فیصل صالح حیات مسلسل چوتھی بار صدر بن گئے،ارشد لودھی گروپ کے کرنل (ر)فراست کا کہنا ہے کہ حریف گروپ حکم امتناع کے باوجود انتخابات کرا کے توہین عدالت کا مرتکب ہوا ، پی ایف ایف کے12 کروڑ روپے کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرادیے گئے ہیں جبکہ مخالفین90لاکھ روپے نکلوانے میں کامیاب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن بھی پی او اے کے نقش قدم پر چل پڑی ہے، مخدوم فیصل صالح حیات اور ارشد لودھی گروپ کے درمیان اقتدار کی کھینچا تانی کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے دونوں فریقوں کو انتخابات کرانے سے روک دیا تھا،اس کے باوجود فیصل صالح حیات کی زیرسربراہی قائم پی ایف ایف نے گذشتہ روز الیکشن منعقد کرائے جس میں وہ مسلسل چوتھی بار آئندہ 4 برس کیلیے صدر منتخب ہو گئے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پی ایف ایف کی کانگریس کا خصوصی اجلاس چھانگلہ گلی ایبٹ آباد میں ہوا جس میں 23میں سے 14ارکان نے شرکت کی۔ فیفا اور اے ایف سی کے مشترکہ نمائندے کی حیثیت سے سنجیون موجود رہے،ارکان نے اتفاق رائے سے فیصل کو ایک بار پھر صدر برقرار رکھا، سینیٹر روبینہ عرفان (بلوچستان)، سید خادم علی شاہ (سندھ) اور سردار نوید حیدر خان(پنجاب) سے نائب صدور منتخب ہوئے،خواتین کی نشستوں پر سعدیہ شیخ (کراچی)، نادیہ نقوی (لاہور) اور فوزیہ نورین (اسلام آباد) کا انتخاب ہوا، فیصل صالح حیات نے کانگرس ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ماضی کی طرح مستقبل میں بھی پوری دلجمعی کے ساتھ ملک کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

ایک سوال پر صدر فیڈریشن نے کہا کہ انتخابات ملتوی کرنے کے حوالے سے ہمیں عدالت کا تحریری حکم نامہ موصول نہیں ہوا،انھوں نے کہا کہ مجھے ایک بار پھر صدر منتخب ہونے پر اے ایف سی صدر اور سیکریٹری کے تہنیتی پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ فیصل صالح حیات نے کہا کہ ایبٹ آباد میں فیفا گول پروجیکٹ بننے سے فٹبال کو فروغ ملا ہے جس کے مثبت اثرات قومی سطح پر بھی نظر آنا شروع ہوگئے ہیں۔دوسری طرف پی ایف ایف ارشد لودھی گروپ کے قائم مقام سیکریٹری کرنل (ر) فراست علی شاہ نے کہاکہ فیصل صالح حیات گروپ نے عدالت عالیہ کے حکم امتناع کے باوجود نام نہاد انتخابات منعقد کرواکر توہین عدالت کی جس کی سزا انھیں ملے گی۔

متعلقہ عنوان :