کشمیری مسلمان اپنی صفوں میں اتحاد واتفاق کو مضبوط بنائیں‘ترجمان جماعت اسلامی

بدھ 1 جولائی 2015 13:48

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے فرقہ پرست ہندو قوتوں کی طرف سے جموں خطے کے مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی معاندانہ سرگرمیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ہندو انتہا پسند تنظیموں کے کارکنوں کی طرف سے جموں میں مسلمانوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بڑے پیمانے پر جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کو زبردستی اپنے گھروں سے بے دخل اور انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا جا رہا ہے جبکہ ان کی زمینوں پر قبضہ کر کے ان پر مندر بنانے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت ا س سارے کھیل میں برابر کی شریک ہے اور ہندو غنڈوں کو اسکا بھر پور ساتھ حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ اور دیگر فرقہ پرست جماعتیں دراصل جموں میں 1947جیسی صورت حال دہرانا چاہتے ہیں تاکہ باقی بچے مسلمانوں کا بھی صفایا کیا جاسکے۔

ترجما ن نے کہا کہ ہندو انتہا پسند طاقتیں اپنے مذموم منصوبوں میں ہرگز کامیاب نہیں ہونگی ۔ترجمان نے جموں کے مسلمانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ ہندوؤں کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مضبوط بنائیں۔