ہندو فرقہ پرستوں کی جانب سے مسلمانوں کی زندگی اجیرن بنانا تشویشناک ہے‘ اعظم انقلابی

بدھ 1 جولائی 2015 13:49

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماء اور جموں وکشمیر محاذآزادی کے سرپرست اعلیٰ اعظم انقلابی نے جموں میں بے لگام ہندو فرقہ پرستوں کی طرف سے مسلمانوں کی زندگی اجیرن بنادینے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ اعظم انقلابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ اِن حالات کے پیش نظر آزادی پسند قیادت پر لازم ہے کہ وہ سر جوڑ کر بیٹھیں اور کشمیر کے موجودہ حالات کو زیر بحث لائیں اور کوئی مشترکہ حکمت عملی وضع کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے جموں کے مسلمانوں کے جان ومال اورد ین و ایمان کے تحفظ پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے رہنماوٴں سے بھی اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے حالات کا جائزہ لیں اورحفظ ما تقدم کے طور کچھ ضروری اقدامات کریں۔اعظم انقلابی نے جے کے ایل ایف کے رہنماء شوکت احمد بخشی کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اپنے غیور بیٹوں کی اْسی طرح پرورش کی جس طرح مولانا محمد علی جوہر اور شوکت علی کی والدہ نے اپنے بیٹوں کی پرورش کی تھی۔ انہوں نے کہاکہ پوری ملت اسلامیہ کو ایسی ماوٴں پر ناز اور فخر ہے۔ انہوں نے مرحومہ کی بلندی درجات اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔