اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے قریبی عزیز کی ڈائریکٹر حج جدہ کے عہدے میں توسیع کیخلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت سے تعیناتی کی وجوہات طلب

بدھ 1 جولائی 2015 14:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے قریبی عزیز رافع بشیر شاہ کی ڈائریکٹر حج جدہ کے عہدے میں توسیع کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت سے تعیناتی کی وجوہات طلب کر لیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ وفاقی حکومت نے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے قریبی عزیز رافع بشیر شاہ کی ڈائریکٹر حج جدہ کے عہدے میں میرٹ کے برعکس اورسیاسی بنیادوں پرتوسیع کر دی ہے ۔

وزیر اعظم انسپکشن ٹیم کی رپورٹ موجود ہے کہ رافع بشیر شاہ نے حج آپریشن میں 76کروڑ روپے کی کرپشن کی لیکن اس کے باوجود عہدے میں تو سیع کو ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔ دوران سماعت وفاقی حکومت کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا گزشتہ سال کامیاب اور مثالی حج کرانے پر رافع بشیر شاہ کے ڈائریکٹر حج جدہ کے عہدے میں توسیع کی گئی ہے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے رافع بشیر شاہ کی ڈائریکٹر حج جدہ کے عہدے پر تعیناتی کی وجوہات طلب کر لیں۔

متعلقہ عنوان :