شمالی وزیرستان کے متاثرین کی واپسی کا دوسرا مرحلہ شروع ، 100خاندان آبائی گاؤں روانہ

بدھ 1 جولائی 2015 14:04

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) شمالی وزیرستان کے متاثرین کی واپسی کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا‘ دوسرے مرحلے کے پہلے روز عیدک قبائل کے 100خاندان پاک فوج کی نگرانی میں اپنے آبائی گاؤں روانہ ہوگئے‘ واپس لوٹنے والے خاندانوں کو 6ماہ کا راشن ‘ ٹرانسپورٹ کیلئے 10ہزا ر روپے اور ان کے آبائی علاقوں میں پہنچنے پر سم کے ذریعے 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے باعث نقل مکانی کرنے والے آئی ڈی پیز کی بنوں کیمپ سے گھروں کو واپسی کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا۔

(جاری ہے)

دوسرے مرحلے میں عیدک قبائل کے چار ہزار خاندانوں کی رجسٹریشن مکمل کی گئی جن کی مرحلہ وار واپسی کا آغاز بھی کردیا گیا۔ پہلے دن عیدک قبائل کے سو خاندان پاک فوج کی نگرانی میں گھروں کو روانہ ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر 150خاندانوں کو پاک فوج کی نگرانی میں ان کے آبائی علاقوں کے لئے روانہ کیا جائے گا۔ واپس جانے والے چارہزار خاندانوں کو چھ ماہ کا راشن اور ٹرانسپورٹ کے لئے دس‘ دس ہزار روپے فی کس بھی دیئے جارہے ہیں جبکہ آبائی علاقوں میں پہنچنے پر متاثرین کو سم کے ذریعے پچیس ‘ پچیس ہزار روپے فی خاندان بھی دیئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :