بگ تھری سے دیگر بورڈز کو بھی فائدہ پہنچا، للت مودی کے بیان کا جواب دینا پسند نہیں، سری نواسن

بدھ 1 جولائی 2015 14:07

بگ تھری سے دیگر بورڈز کو بھی فائدہ پہنچا، للت مودی کے بیان کا جواب دینا ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) آئی سی سی نے باغی لیگز کے خطرات کو ہوا میں اڑا دیا، چیئرمین این سری نواسن کا کہنا ہے کہ کسی بھی ایسے ایونٹ کیلیے کامیاب رہنا بہت مشکل ہے، صدیوں سے موجود اسٹرکچر کا مقابلہ راتوں رات نہیں کیا جا سکتا، انھوں نے کہا کہ میں للت مودی کے کسی بیان کا جواب دینا پسند نہیں کرتا، بگ تھری اصلاحات سے دیگر بورڈز کو بھی فائدہ پہنچا ہے۔

ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے بارے میں کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا، خوشی ہے کہ ڈی آر ایس پر بھارتی بورڈ ڈٹا ہوا ہے،سری نواسن نے ان خیالات کا اظہار ایک انٹرویو میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی باغی لیگ کی تشکیل آسان نہیں ہے، کرکٹ کئی ممالک میں بہت پہلے سے موجود اور اسکی جڑیں کافی گہری ہیں، آسٹریلیا اور انگلینڈ میں صدیوں سے یہ کھیل ہو رہا ہے، بھارت میں بھی 80، 90 برس ہو چکے، اس کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا، ا?ئی سی سی ایونٹس کی کامیابی اور مہنگے میڈیا رائٹس کو دیکھ کر راتوں رات اس کی جگہ لینے کی کوشش کامیاب نہیں ہوسکتی۔

(جاری ہے)

مہنگے داموں کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کربھی لی جائیں تب بھی اس قسم کی کسی بھی لیگ کو اپنی جگہ بنانے کیلیے طویل عرصہ درکار ہوگا۔ للت مودی کی جانب سے کرپشن الزامات پر این سری نواسن نے کہا کہ میں ان کے کسی بھی بیان پر بات کرنا پسند نہیں کرتا، ایک سوال پر انھوں نے واضح کیا کہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے وینیوز کا انتخاب بی سی سی آئی پر منحصر ہے، چنئی کے حوالے سے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔

ٹیسٹ کرکٹ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہتا کہ یہ فارمیٹ خطرے سے دوچار ہے۔کچھ ممالک میں یہ مقبول اور بعض میں کم ہے، اس حوالے سے آئی سی سی جائزہ لے رہی ہے۔ سری نواسن نے کہا کہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ اس سے سینئر فارمیٹ کو فائدہ حاصل ہوگا یا نہیں۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ جب میں بی سی سی آئی میں تھا تو ہم اس بات پر قائل تھے کہ ٹیکنالوجی درست نہیں اس لیے ڈی آر ایس کی مخالفت کرتے رہے، مجھے خوشی ہے کہ موجودہ بورڈ مینجمنٹ بھی اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

متعلقہ عنوان :